اسلام آباد، پیپلز پارٹی کاضمنی الیکشن میں ڈیرہ اسماعیل خان میں جے یوآئی کے امیدوار کی موجودگی میں بنوں میں پارٹی کے امیدوار کی عدم دستبرداری کا اعلان

جمیعت علماء اسلام ضمنی انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان طے شدہ فارمولے کی پاسدار نہیں کر رہی ہے،فیصل کریم کنڈی

پیر 24 ستمبر 2018 00:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ضمنی الیکشن میں جمیعت علماء اسلام کے امیدوار کی موجودگی میں بنوں میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی عدم دستبرداری کا علان کیا ہے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں ایک فارمولا طے ہوا تھا جس کی پاکستان پیپلزپارٹی پاسداری کر رہی ہے۔

ہم نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعلان کے مطابق پشاور میں شہید ہارون بلور کی نشست پر اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا۔

(جاری ہے)

کلاچی میں شہید اکرام خان گنڈہ پور کے فرزند کے مقابلہ میں امیدوار نہیں لائے اسی طرح باقی صوبہ بھر میں جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہورہے ہیں وہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور عوامی نیشنل پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوچکی ہے مگر ڈیرہ اسماعیل خان میں جمیعت علمائ اسلام نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا عبیدالرحمان کو ٹکٹ جاری کر کے طے شدہ اصول کی خلاف ورزی کی ہے انہوں نے کہا کہ طے شدہ فارمولا کے مطابق جمیعت علماء اسلام ڈیرہ اسماعیل خان میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرے گی جبکہ بنوں کے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی جمیت علماء اسلام کے امیدوارکی حمایت کرے گی انہوں نے کہا کہ اگر جمیعت علماء اسلام نے ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقہ سٹی ون پر پیپلزپارٹی کے امیدوار ملک فرحان افضل دھپ کے حق میں جمیعت علماء اسلام کے امیدوار مولاناعبید الرحمان کو دستبردار نہ کیا تو پھر پیپلز پارٹی بھی بنوں میں جمعیت علمائے اسلام کے راہنماء اکرم خان درانی کے بیٹے کے مقابلے میں پارٹی امیدواریاسمین صفدرکی بھرپور انتخابی مہم چلائے گی۔

۔۔۔۔۔طارق ورک