یونیورسٹی آف سرگودھا لاہور کیمپس کے طلبہ ڈگریاں نہ ملنے کیخلاف ایک بار پھر سراپا احتجاج ،ٹائر جلا کر کینال روڈ بلاک کر دی

احتجاجی دھرنے کے باعث کینال روڈ اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے شہریوں کو مشکلات ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کیساتھ مذاکرات ناکام ،یونیورسٹی کے لاہور کیمپس کو بند کرنے کا فیصلہ ،نئے داخلوں پر پابندی عائد کر دی گئی‘نجی ٹی وی ․

منگل 25 ستمبر 2018 20:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) یونیورسٹی آف سرگودھا لاہور کیمپس کے طلبہ ڈگریاں نہ ملنے کے خلاف ایک بار پھر سراپا احتجاج بن گئے اور کینال روڈ پر ٹائر جلا کر احتجاجی دھرنا دیدیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور دن بھر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے طلبہ سے مذاکرات بھی کیے جو ناکام ثابت ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈگریاں نہ ملنے پر منگل کے روز صبح سے یونیورسٹی آف سرگودھا لاہور کیمپس کے طلبہ سراپا احتجاج بن گئے اور مین کینال روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی ۔طلبہ کا کہنا تھا کہ 3سال سے ڈگریاں جاری نہیں کی جارہی ہیں، ڈگریاں نہ ملنے سے پڑھائی جاری رکھ سکتے ہیں نہ ملازمت،جس کے باعث مستقبل خطرے میں ہے ۔

(جاری ہے)

طلبہ کا کہنا تھا کہ لاہور کیمپس یونیورسٹی آف سرگودھا کے مین کیمپس کے بقایا جات کے نا دہندہ ہیں جس کے سبب یونیورسٹی انہیں ڈگریاں نہیں دی رہی۔

جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے احتجاج جاری رہے گا۔اس موقع پر طلبہ نے یونیورسٹی انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔طلبہ کے دھرنے کے باعث کینال روڈ ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا اور لوگوں کا دفاتر ، کالجز ، سکولجانا مشکل ہو گیا۔ کینال روڈ سمیت ملحقہ شاہرائوں پر بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں جس سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔

پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی تاہم طلبہ نے اپنے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کر دیا ۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان نے طلبہ سے مذاکرات کیے جو ناکام ثابت ہوئے اور طلبہ نے اپنا احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا لاہور کیمپس کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے سرگودھا یونیورسٹی مین کیمپس نے نئے داخلوں پر پابندی عائد کر دی جس کی سنڈیکیٹ نے بھی منظوری دیدی ہے ۔

انتظامیہ کے مطابق یونیورسٹی میں پہلے سے رجسٹرڈ طلبہ اپنی ڈگری جاری رکھیں گے،انتظامیہ کے مطابق پہلے سے داخل طلبہ کو ڈگریاں جاری ہوں گی۔ یار ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یونیورسٹی آف سرگودھا لاہور کیمپس 2012ء میں قائم ہوا تھا۔