سرل المیڈا کو مجرم کی طرح پیش اور اس پر غداری کا مقدمہ چلانا حیرت انگیز ہے، بلاول بھٹو زرداری

منگل ستمبر 22:12

سرل المیڈا کو مجرم کی طرح پیش  اور اس پر غداری کا مقدمہ چلانا حیرت انگیز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2018ء) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے صحافی سرل المیڈا کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے پر حیرت اور ناخوشگواری کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرل المیڈا کو مجرم کی طرح پیش کرنے اور اس پر غداری کا مقدمہ چلانا حیرت انگیز ہے جو پاکستانی میڈیا کے محاصرے میں ہونے کے تناظر کو تقویت دیتا ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سرل المیڈا اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے اور وہ اس سے زیادہ کچھ نہیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت پاکستان میں میڈیا سخت سنسرشپ کا سامنا کر رہا ہے۔ وہ ڈکٹیٹر جس نے آئین توڑا اور فی الحقیقت غداری کا مرتکب ہوا وہ آزاد گھوم رہا ہے اور وہ صحافی جو صرف اپنے فرائض انجام دے رہا ہے اس پر غداری کے الزام میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سرل المیڈا نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا انٹرویو کرکے کوئی قانون نہیں توڑا۔ انہوں نے پوچھا کہ صحافی کسی کا انٹرویو کیوں نہ کرے اور صحافی کو کونسا قانون کسی سیاستدان کا انٹرویو کرنے سے روکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادی اظہار کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان میں آزاد میڈیا چاہتی ہے کیونکہ جمہوریت بغیر آزاد میڈیا کے ایک جعلی جمہوریت ہوتی ہے۔۔۔۔۔طارق ورک ن