Live Updates

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات،پاکستان چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم،چینی قیادت وزیراعظم عمران خان کے دورے کا انتظار کر رہی ہے،وزیر خارجہ وانگ ژی

بدھ 26 ستمبر 2018 03:00

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73ویں اجلاس کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ سرکاری ذرائع سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے پاک چین تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین دوستی گہرے ثقافتی، تاریخی اور ادارہ جاتی تعلقات پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے نتیجہ میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔ سی پیک پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت کا منصوبہ ہے اور یہ پاکستانی حکومت کی اولین ترجیح رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چین کے دورے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ چینی قیادت وزیراعظم عمران خان کے دورے کا انتظار کر رہی ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات پر بھی گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے خطہ کی صورتحال اور جنوبی ایشیاء کے سٹریٹجک انوائرمنٹ پر بھی بات کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات