بلوچستان ورکرز ویلفیئر بورڈ سے کوئی تعلق نہیں، تمام خریداریاں بورڈ کی تشکیل کردہ کمیٹیوں نے کیں، چیئرمین نیب معاملہ کی تکنیکی بنیادوں پر خود تحقیقات کرائیں، چیف جسٹس ثاقب نثاربھی نوٹس لیں، بلوچستان کی سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کی پریس کانفرنس

جمعرات 27 ستمبر 2018 18:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2018ء) بلوچستان کی سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان ورکرز ویلفیئر بورڈ سے ان کا کوئی تعلق نہیں، تمام خریداریاں بورڈ کی تشکیل کردہ کمیٹیوں نے کیں، چیئرمین نیب سے مطالبہ کرتا ہوں کہ تمام معاملہ کی تکنیکی بنیادوں پر خود تحقیقات کرائیں، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں۔

جمعرات کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آلات 2005ء میں اس وقت کے گورنر اویس غنی کے دور میں بلوچستان ورکرز ویلفیئر بورڈ نے خریدے اور نومبر 2006ء میں الفاطمید فائونڈیشن کو فراہم کئے جو 2015ء میں بلوچستان ہائی کورٹ کی موجودگی میں واپس کئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے قبیلے کی عزت و وقار اور ایک مقام ہے، ایک سازش کے تحت میرا میڈیا ٹرائل کیا گیا، اس سے میں اور پورے خاندان کی بے توقیری ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود نیب کے سامنے پیش ہوا اور کہا کہ اگر میں نے کوئی کرپشن کی ہے تو مجھے گرفتار کر لیں بصورت دیگر مجھے کلیئرنس لیٹر دیدیں۔ میری چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ اس کی تحقیقات اپنے روبرو کرا لیں تاکہ مجھے جلد انصاف مل سکے اور چیئرمین نیب سے بھی اپیل ہے کہ وہ مجھے کلیئرنس دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اور اپنے خاندان کے وقار پر اٹھنے والے سوالات کا ہر فورم پر جواب دینے کیلئے عدالتی چارہ جوئی کیلئے بھی کیس تیار کر رہے ہیں اور انصاف کیلئے ہر فورم پر جائیں گے۔