Live Updates

عمران خان سب سے پہلے اپنا گھر قانون کے دھارے میں لائیں اور پہلا جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا ،ْ چیف جسٹس

علاقہ کا گندہ پانی راول ڈیم میں جا رہا ہے، وزیراعظم اپنا گھر بھی ریگولر کریں اور دوسروں کے بھی کرائیں ،ْ ریمارکس نالے سے تجاوزات ختم کس نے کرنا ہے، عمران خان وزیراعظم ہیں ،ْ عمران خان نے عدالت عظمی کو خط لکھ کر معاملہ پر نوٹس لینے کی استدعا کی تھی

پیر 1 اکتوبر 2018 15:17

عمران خان سب سے پہلے اپنا گھر قانون کے دھارے میں لائیں اور پہلا جرمانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2018ء) چیف جسٹس ثاقب نثار نے بنی گالہ تجاوزات کیس میں ریمارکس دیے ہیں کہ عمران خان سب سے پہلے اپنا گھر قانون کے دھارے میں لائیں اور سب سے پہلا جرمانہ بھی انہیں کو ادا کرنا ہوگا۔پیر کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سروے آف پاکستان نے کورنگ نالہ کا سروے کرکے رپورٹ دی ہے، کورنگ نالے پر لوگوں نے تجاوزات قائم کررکھی ہیں۔

انہوںنے بتایا کہ سی ڈی اے، وفاقی محتسب اور سروے آف پاکستان کی رپورٹس یکساں ہیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ہم بوٹینیکل گارڈن کی چار دیواری بنا رہے ہیں جس کی 613.49 کنال اراضی پر قبضہ ہے، اگر عدالت حکم دے تو ناجائز قابضین سے اراضی واگزار کرائی جائے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ کورنگ نالے میں اتنی گندگی ہے کہ پانی آگے نہیں جارہا۔

بنی گالہ کے ایک رہائشی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ جوڈیشل کالونی کا بھی کچھ حصہ بوٹینیکل گارڈن میں آرہا ہے، جسے جان بوجھ کر نظر انداز کر دیا گیا۔جس پر وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ جوڈیشل کالونی مری کے علاقے میں آتی ہے اور وہ بہت دور ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ تجاوزات کو کیسے ختم کیا جائی جبکہ بنی گالہ میں تجاوزات کے علاوہ سیکیورٹی اور آلودگی جیسے مسائل بھی ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اب نئی حکومت آگئی ہے، ان معاملات کو حل کرے۔چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ نالے سے تجاوزات ختم کس نے کرنا ہے، عمران خان اس وقت وزیراعظم ہیں ،ْ عمران خان نے اسی عدالت عظمی کو خط لکھ کر معاملہ پر نوٹس لینے کی استدعا کی تھی، نوٹس لینے پر معلوم ہوا کہ بنی گالہ میں تجاوزات کی بھرمار ہے۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ علاقہ کا گندہ پانی راول ڈیم میں جا رہا ہے، وزیراعظم اپنا گھر بھی ریگولر کریں اور دوسروں کے بھی کرائیں، جو قانونی جرمانہ ادا کرنا چاہیے وہ کیا جائے، واضح کیا تھا نالے کی حدود میں گھر مسمار کردیں گے ،ْ بنی گالہ کے حوالے سے جو کرنا ہے، حکومت فیصلہ کرے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ عمران خان بطور درخواست گزار عدالت آئے تھے اور آج وزیراعظم ہیں، عمران خان نے بنی گالہ تعمیرات کے حوالے سے کیا اقدامات کیے، عمران خان کے اپنے گھر کے این او سی کا بھی تنازع تھا، عمران خان سب سے پہلے اپنا گھر قانون کے دھارے میں لائیں اور سب سے پہلا جرمانہ عمران خان کو ادا کرنا ہوگا۔عمران خان کے وکیل بابراعوان نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم بنی گالہ کے حوالے سے تین اجلاس منعقد کر چکے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ جمعہ تک آگاہ کریں بنی گالہ کے حوالے سے کیا فیصلہ کیا گیا ،ْرواں ہفتے ہی حکم جاری کرکے کیس نمٹا دیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات