حکومت کا سی این جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو تک کے اضافے کا امکان

گیس کی قیمتوں میں اضافے سے خیبرپختونخواہ ،بلوچستان اور سندھ کے گیس اسٹیشن متاثر ہوں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 2 اکتوبر 2018 14:47

حکومت کا سی این جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو تک کے اضافے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 اکتوبر 2018ء) : حکومت کی جانب سے سی این جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ آئندہ چند دنوں میں حکومت کی جانب سے سی این جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافے کا امکان ہے۔ جس سے خیبرپختونخواہ ، سندھ اور بلوچستان کے گیس اسٹیشنز متاثر ہوں گے۔

اس کے برعکس سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کا فرق پنجاب کے گیس اسٹیشنز پر نہیں پڑے گا کیونکہ پنجاب کے گیس اسٹیشن پہلے ہی سی این جی سے ایل این جی پر منتقل ہو چکے ہیں۔ ممکنہ طور پر سی این جی کی نئی قیمت اس ہفتے سے لاگو ہو گی جس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کچھ اسٹیک ہولڈرز نے کہا کہ ایل این جی کے ٹرمینل آپریٹرز کو فائدہ پہنچانے کے لیے تین صوبوں کے سی این جی اسٹیشنز کو ایل این جی پر منتقل کرنے کی جان بوجھ کر کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

سی این جی کی قیمت میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر عوام نے شدید احتجاج کیا جس میں ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ اوگرا نے حکومت سے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 50 پیسے فی لٹر ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر اضافے، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 3 روپے 50 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی تھی۔

لیکن حکومت نے اوگرا کی سمری مسترد کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا۔اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ اکتوبر کے مہینے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی اور ان میں کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نامساعد معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف دیں۔