دبئی ٹیسٹ ، کھانے کے وقفے پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے89رنز بنا لیے

پاکستان نے بلال آصف کو ٹیسٹ کیپ دی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 7 اکتوبر 2018 13:04

دبئی ٹیسٹ ، کھانے کے وقفے پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے89رنز بنا لیے
دبئی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 اکتوبر 2018ء) پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پراعتماد انداز میں آغاز کیا ۔دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے پر سکور89رنز تک پہنچا دیا،حفیظ48اور امام الحق36رنز کے ساتھ کریز پر موجودہیں ۔

قومی ٹیم میں بلال آصف کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جب کہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ، مارنوس لابوسشان اور ٹریوس ہیڈ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔میچ سے قبل آل راﺅنڈر شاداب خان انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوچکے ہیں جن کی دوسرے میچ میں شرکت متوقع ہے جب کہ محمد حفیظ بحیثیت اوپنر ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

بیٹنگ لائن اپ کی بیک بون اظہر علی بھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں جن کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو شکست دینی ہے تو لمبی پارٹنر شپ قائم کرنا پڑیں گی۔

آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم محمد حفیظ، امام الحق، اظہر علی، اسد شفیق، حارث سہیل، بابراعظم، کپتان سرفراز احمد، یاسر شاہ، بلال آصف، وہاب ریاض اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ٹم پین کررہے ہیں جب کہ ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں، عثمان خواجہ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبسچگنی، مچل سٹارک، پیٹر سڈل، جون ہالینڈ اور نیتھن لیون ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2014 ءمیں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانےوالی ٹیسٹ سیریز میںسپنرز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ آسٹریلیا کےخلاف سیریز میں پاکستانی سپنرز ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے گرنےوالی 40 میں سے 26 وکٹیں حاصل کی تھیں۔انگلینڈ کے رچرڈ النگورتھ اور رچرڈ کیٹل برافیلڈ امپائر جبکہ بھارت کے سندرم روی ٹی وی امپائر اور سری لنکا کے رنجن مدو گالے میچ ریفری ہوں گے۔