معروف بھارتی صحافی کلدیپ نائر کی استھیاں دریائے راوی میں بہا دی گئیں

کلدیپ نائر کی استھیاں ان کی پوتی نے دریائے راوی میں بہائیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 اکتوبر 2018 12:56

معروف بھارتی صحافی کلدیپ نائر کی استھیاں دریائے راوی میں بہا دی گئیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اکتوبر 2018ء) : معروف بھارتی صحافی کلدیپ نائر کی استھیاں دریائے راوی میں بہا دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی صحافی کلدیپ نائز کی استھیاں گذشتہ ہفتے جمعہ کے روز ان کی پوتی نے دریائے راوی میں بہائیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن بھی موجود تھے۔ کلدیپ نائر کا انتقال رواں برس 23 اگست کو ہوا جس کے بعد گذشتہ ہفتے ان کی پوتی مندرا نے ان کی استھیاں دریائے راوی میں بہا دیں۔

مندرا خود بھی ایک صحافت کے شعبے سے منسلک ہے۔ اس موقع پر مندرا نے کہا کہ میرے دادا نئی دہلی پریس کلب کے نہیں بلکہ لاہور پریس کلب کے ممبر تھے۔ اگرچہ وہ دہلی میں رہائش پذیر تھے لیکن لاہور سے اُن کا ایک روحانی تعلق تھا۔ اسی روحانی تعلق کی وجہ سے انہوں نے اپنی استھیاں دریائے راوی میں بہانے کی وصیت کی تھی۔

(جاری ہے)

مندرا نے مزید کہا کہ انہوں نے امن کا دیا جلایا تھا جو جلتا رہے گا۔

یاد رہے کہ 23 اگست 2018ء کو معروف صحافی کلدیپ نائر انتقال کرگئے ، ان کی عمر 95 برس تھی۔ کلدیب نائر 14 اگست 1923ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، تقسیم کے بعد بھارت منتقل ہونے سے قبل انہوں نے لاہور سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ وہ برطانیہ میں بھارت کے ہائی کمشنر کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔ کلدیب نائر کو 1997ء میں بھارتی ایوان بالا کے رکن کے لیے بھی نامز د کیا گیا تھا۔

کلدیپ نائر نے 15کتابیں لکھیں جن میں انڈیا آفٹر نہرو، ایمرجنگ ری ٹولڈ اور بیانڈ دی لائنز شامل ہیں۔2015ء میں انہیں صحافت میں خدمات پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ان کے سوگواران میں ایک بیوہ اور 2 بیٹے شامل ہیں۔ کلدیپ نائر کے انتقال پر بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی سمیت انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی)، وزیر اطلاعات پاکستان فواد چودھری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ کلدیپ نائز کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔