جامعہ کراچی اور سچوان نارمل یونیورسٹی کے مابین دوسرے پانچ سالہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط

منگل 9 اکتوبر 2018 22:58

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) جامعہ کراچی اور سچوان نارمل یونیورسٹی کے مابین دوسرے پانچ سالہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں سی پیک سیل قائم کرنے کی تجویز جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا چھٹا بورڈ اجلاس وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں جامعہ کراچی اور سچوان نارمل یونیورسٹی کے مابین دوسرے پانچ سالہ مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔ جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے جبکہ پروفیسرڈاکٹر ڈِنگ رینزہونگ سیکریٹری سچوان نارمل یونیورسٹی چین، نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔مذکورہ مفاہمتی یاداشت کا مقصد جامعہ کراچی میں قائم کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی سرگرمیوں میں بہتری لانا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصرالدین خان اور چینی ڈائریکٹر پروفیسر لی یونگ نے سالانہ رپورٹ بھی پیش کی ۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک انتہائی تیزی سے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن رہاہے۔ انہوں نے مذکورہ انسٹی ٹیوٹ میں سی پیک سیل کے قیام کی تجویز پیش کی جس کے ذریعے صوبہ سندھ میں ہونے والی سی پیک کے سلسلے میں پیش رفتوں سے آگاہی ممکن ہوسکے گی۔

انہوں نے جامعہ کراچی میں چائینز لینگویج اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ کھولنے کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ کو بہترین رہائشی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے اور جلد جامعہ کراچی اور سچوان نارمل یونیورسٹی کے مابین فیکلٹی ایکسچینج پروگرام بھی شروع ہوجائیں گے ۔ڈاکٹراجمل خان نے چینی قونصلیٹ کی جانب سے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کو لامتناہی تعاون فراہم کرنے پر چینی قونصلیٹ کا بیحد شکریہ اداکیا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو یہ پیشکش کی جائے گی کہ سندھ کے دیگر علاقوں بالخصوص دیہی علاقوں میں بھی چینی زبان کی کلاسز کا اہتمام کیا جائے۔ پروفیسرڈاکٹر ڈِنگ رینزہونگ سیکریٹری سچوان نارمل یونیورسٹی نے کہا کہ جامعہ کراچی اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ ہیڈکوارٹرچین کے اشتراک سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے جس میں دونوں ممالک کے پروفیسرزشرکت کریں ۔

انہوں نے کراچی یونیورسٹی اور سچوان نارمل یونیورسٹی کے مابین تعلیمی اشتراک کو مزید بہتر بنانے پر زوردیا بالخصوص بزنس ،اکنامکس اور زبانوں کے شعبہ میں دونوں جامعات کے مابین اشتراک کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا۔اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر ٹانگ وینیانگ ڈپٹی ڈائریکٹر آف دی اسکول آفس،پروفیسر ڈاکٹر لیومِن ڈین آف دی کالج آف لٹریچر،پروفیسر ڈاکٹر یانگ یِنگیوسیکریٹری آف دی اسکول آف انٹرنیشنل ایجوکیشن،پروفیسر ڈاکٹر کونگ لینگسوئی ڈین آف دی اسکول آف فارن لینگویجز،پروفیسر ہانگ گوئپنگ ڈپٹی ڈائریکٹر آف دی فارن افیئرز آفس،پروفیسر ڈاکٹر زانگ زیا پِنگ نوتعینات ڈائریکٹر کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ جامعہ کراچی اوررجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ماجد ممتاز شریک تھے۔