Live Updates

ہائوسنگ اتھارٹی کے اعلان نے ناقدین کے منہ بند کر دئیے‘چوہدری ظہیرالدین

کرپٹ اشرافیہ جمع خاطر رکھے،ان کے خلاف سرجیکل سٹرائیکس جاری رہیں گی،(ن)لیگ کی سیاہ کاریوں نے ملک کو مقروض کیا،ان کے حواریوںکی پتلو نیں ڈھیلی ہو چکیں‘صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن

جمعرات 11 اکتوبر 2018 17:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے قیام کے اعلان نے ناقدین کے منہ بند کر دئیے ہیں،پچھلی حکومت میں ملکی وسائل کو مفت کا مال سمجھ کر لوٹنے والے جمع خاطر رکھیں انکی پوری تسلی کی جائے گی،(ن) لیگ کی سیاہ کاریوں کی وجہ سے ملک قرض کے منحوس چکر میں دھنسا،ملک کو بحرانوں کے بھنور سے نکالنے کے لئے عوام حکومت پر اپنا اعتماد برقرار رکھیں ،جلد سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا ،کرپٹ اشرافیہ کے خلاف سرجیکل سٹرائیکس جاری رہیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے ایک بیان میں کیا۔چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ پاکستان کی خوشی قسمتی ہے کہ اسے عمران خان جیسا وزیراعظم اور سردار عثمان بزدار جیسا سادہ منش وزیراعلی پنجاب ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت محض کھوکھلے نعروں کے بجائے عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ہرشعبہ میں بلاامتیاز اقدامات حکومت کا طرہ امتیاز اور ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خلوص نیت سے تبدیلی کے اس پودے کی آبیاری کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے جس بے دردی سے قومی وسائل کو لوٹا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حساب مانگنے پر کرپٹ اشرافیہ کا احتجاج اندھیر ے میں ٹامک ٹوئیاںمارنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ مال برآمدگی کے خوف سے کرپٹ اشرافیہ کے حواریوںکی پتلونیں ڈھیلی ہو چکی ہیں۔

وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ پچھلی حکومت سے تحفہ میں ملنے والے -8ارب ڈالر کے خسارے اور منی لانڈرنگ نے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانے پر مجبور کیا۔حکومت کو آئی ایم ایف کے قرض کی قسطوں کی ادائیگی کے لئے یہ پیسہ درکار ہے نہ کہ ملک چلانے کے لئے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں رہائش کی حقیقی صورتحال سامنے لانے کے لئے کچی آبادیوں کا ڈیٹا اکٹھاکیاجارہا ہے۔ چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بدولت 40صنعتیں متحرک ہونگی جس سے جہاں روزگار کے وسیع تر مواقع پیدا ہونگے وہاں غریب آدمی کو اپنی چھت جیسی باعزت سہولت بھی میسر آ سکے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات