بلاول بھٹو زرداری نے لڑکیوں کی بلا امتیاز تعلیم و تربیت اور یکساں مواقع کی فراہمی کو پاکستان کی خوشحالی و ترقی کی ضمانت قرار دیدیا

ترقی و خوشحالی پر مبنی مستقبل کا حصول ہماری بیٹیوں کی مکمل شراکت اور انہیں بااختیار بنائے بغیر ناممکن ہے، بلاول بھٹو

جمعرات 11 اکتوبر 2018 23:50

بلاول بھٹو زرداری نے لڑکیوں کی بلا امتیاز تعلیم و تربیت اور یکساں مواقع ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لڑکیوں کی بلا امتیاز تعلیم و تربیت اور یکساں مواقع کی فراہمی کو پاکستان کی خوشحالی و ترقی کی ضمانت قرار دیا ہے۔ لڑکیوں کے عالمی دن کے موقعے پر جاری کردہ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ترقی و خوشحالی پر مبنی مستقبل کا حصول ہماری بیٹیوں کی مکمل شراکت اور انہیں بااختیار بنائے بغیر ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اپنی بیٹیوں کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے لانے کے لیئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی موجودہ عوامی حکومت کی جانب سے لڑکیوں کی مفت و معیاری تعلیم کو یقینی بنایا گیا ہے اور ذہین طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیئے اسکالرشپس اور وظیفے بھی دیئے جارہے ہیں، اور اس طرح کے اقدامات دیگر کسی صوبے میں نہیں اٹھائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی پارٹی پاکستانی خواتین کی واحد نمائندہ جماعت ہے، جو ان کے حقوق کی سب سے بڑی وکیل اور محافظ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معاشرتی و حکومتی سطح پر مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود ہر شعبے میں آگے بڑھتی ہوئی ملک کی تمام بیٹیوں کو وہ سلام کرتے ہیں۔ ہماری آج کی یہی بیٹیاں کل کی فاطمہ جناح، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، عاصمہ جہانگیر اور مریم مختار ہیں۔ آئیئے آج ہی ان کی قدر اور احترام کریں۔