کوشش ہے فائر بریگیڈ کی آگ بجھانے کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے،وزیراعلیٰ سندھ

عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے، عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی میں ہیں اور ہم انکو پورا کریں گے،تقریب سے خطاب

جمعہ 12 اکتوبر 2018 18:14

کوشش ہے فائر بریگیڈ کی آگ بجھانے کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے،وزیراعلیٰ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بلدیاتی اداروں کو 10 فائر ٹینڈرز اور دنیا کا سب سے بڑا ایک اسنارکل سپرد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ہماری فائر بریگیڈ کی آگ بجھانے کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے، عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے، عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی میں ہیں اور ہم انکو پورا کریں گے۔

انھوں نے یہ بات جمعہ کو بارہ دری میں منعقد بلدیاتی اداروں کو فائرٹینڈرز اور اسنارکل حوالے کرنے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر، وزیر بلدیات سعید غنی، وزیراعلی سندھ کے مشیر مرتضی وہاب و دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلی سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی اداروں کو نئی 10 فائرٹینڈرز اور دنیا کا سب سے بڑا 1 اسنارکل حوالے کررہے ہیں، اضلاع کو گاڑیاں دے کر فائر فائٹنگ کی صلاحیتیں بڑھارہے ہیں، ہم نے فائر ریسکیو کو مزید بہتر کرنا ہے، ہر ٹان کو اگلے مرحلے میں فائر ٹینڈر بھی دیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرے گی، ہم اس سال مزید فائر ٹینڈرز خریدیں گے۔ انھوں نے کہا کہ نئی فائر ٹینڈرز کی گنجائش میں آٹھ ہزار لیٹر پانی کے علاوہ پانچ سو لیٹر فارم ٹینکس بھی موجود ہے جو پیٹرول و کرنٹ سے لگنے والی آگ پر کنٹرول کرے گیاور کسی بھی آتشزدگی کے بڑے حادثات پر مثر طریقے سے قابو پایا جاسکے گا، ہر ایک فائر ٹینڈرز کی مالیت 19 ملین ہے جبکہ کل کی مالیت 190 ملین بنتی ہے جن اضلاع میں فائر ٹینڈرز پہنچائی جائے گی ان میں سکھر، حیدرآباد، شہید بے نظیر آباد، میرپورخاص، لاڑکانہ، جیکب آباد، قاسم آباد اور حیدرآباد شامل ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 495 ملین سے خریدی گئی 104 میٹر لمبی 1 اسنارکل بھی بلدیات کے حوالے کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ نئی فائر ٹینڈرز اور اسنارکل زیادہ سہولیات سے آراستہ ہیں جوکہ کسی بھی طرح کی لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ انھوں نے اپنیخطاب میں فائر ٹینڈرز کی خریداری کے لیے سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کے اٹھائے ہوئے اقدامات کو بھی یاد کیا۔

وزیراعلی سندھ نے وزیر بلدیات سعید غنی کو سندھ کے تمام اضلاع کا دورہ کرکے فائر ٹینڈرز اور دیگر ضروری سہولیات مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعلی سندھ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی سندھ اور وزیر بلدیات کی شہر کے دیگر مسائل میں بھی توجہ مبذول ہے۔ تقریب کے اختتام میں وزیراعلی سندھ نے ایک اسنارکل کی چابی میئر کراچی وسیم اختر کے سپرد کی جبکہ ایک فائر ٹینڈر کی چابی میئر کراچی کے حوالے کی ۔ دیگر فائر ٹینڈرز کی چابیاں متعلقہ ٹان میونسپل افسران کے حوالے کی جس میں میرپورخاص ،شہید بے نظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد کے ٹی ایم او شامل تھے۔