Live Updates

این اے 131 سے ہمایوں اختر کو ٹکٹ دینا تحریک انصاف کی غلطی قرار

تحریک انصاف کو ایسے لوگوں کو ٹکٹ نہیں دینی چاہیے تھا جن کا ایک خاص قسم کا بیک گراونڈ ہے ۔یہ مفاد پرست ٹولہ ہے جس کی سیاست کا مقصد و محور صرف اور صرف اپنی بزنس اور صنعتی سلطنت کا پھیلاو ہے،عامر متین کا تجزیہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 13 اکتوبر 2018 23:51

این اے 131 سے ہمایوں اختر کو ٹکٹ دینا تحریک انصاف کی غلطی قرار
سلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-13 اکتوبر 2018ء) :معروف صحافی عامر متین نے این اے 131 سے رہنما تحریک انصاف ہمایوں اختر کو ٹکٹ دینے کو بہت بڑی غلطی قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کے انتخابی نتائج کے بعد 12 اراکینِ قومی اسمبلی کی طرف سے خالی کی گئی نشستوں میں سے 11 نشستوں پر ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہونے جارہے ہیں جبکہ نومنتخب صدر عارف علوی کی جانب سے چھوڑی ہوئی نشست پر ضمنی انتخاب 21 اکتوبر کو ہوگا۔

25 جولائی 2018 کو انعقاد پذیر ہونے والے انتخابات میں 11 نشستوں پر 6 حلقوں پر پاکستان تحریک انصاف جیتی تھی اور اس کے بعد انکو چھوڑ دیا گیا تھا۔دوسری جانب 2 سیٹوں پر پاکستان مسلم لیگ (ق) کے امیدوار پرویز الہٰی کامیاب ہوئے تھے تاہم انہوں نے صوبائی نشست کو رکھا اور قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں کو چھوڑ دیا تھا اور ایک نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کامیاب ہوئے تھے اور انہوں نے بھی صوبائی نشست اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے 60 اور 103 پر انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے۔این اے 60 وہی حلقہ ہے جہاں سے حنیف عباسی نے الیکشن لڑنا تھا تاہم انکی نااہلی اور گرفتاری کے بعد الیکشن ملتوی ہوا تھا۔اس کے علاوہ قومی اسمبلی کی 11 نشستوں کے علاوہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 26 خالی نشستوں پر بھی 14 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔تاہم اس حوالے سے کچھ قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقے ایسے بھی ہیں جو اپنی اہمیت کے باعث پوری قوم کی نگاہوں کا مرکز بن چکے ہیں۔

ان میں سے ہی ایک وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے چھوڑی گئی نشست این اے 131 ہے۔اس حلقے میں بھی تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔یہاں سے مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر مدمقابل ہوں گے۔تاہم ضمنی الیکشن سے ایک رات قبل ہی ضمنی انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے معروف صحافی عامر متین کا کہنا تھا کہ اگر این اے 131 کی بات کی جائے تو یہاں پہلے ہی خواجہ سعد رفیق کی ہار کا مارجن اتنا کم تھا کہ یہاں کوئی بھی خواجہ سعد رفیق کے مقابلے میں آتا تو اس کی شکست ہو سکتی تھی تاہم یہاں تحریک انصاف ایک اور غلطی کرچکی ہے۔

انہوں نے اس حلقے سے ہمایوں اختر کو ٹکٹ دے کر غلطی کردی ہے۔تحریک انصاف کو ایسے لوگوں کو ٹکٹ نہیں دینی چاہیے تھا جن کا ایک خاص قسم کا بیک گراونڈ ہے ۔یہ مفاد پرست ٹولہ ہے جس کی سیاست کا مقصد و محور صرف اور صرف اپنی بزنس اور صنعتی سلطنت کا پھیلاو ہے۔عامر متین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہونے کے باعث پہلے ہی تحریک انصاف اس نشست پر کمزور پوزیشن پر تھی تاہم اب اس نشست پر ہمایوں اختر کے کھڑے ہونے سے تحریک انصاف کی شکست کے چانسز بڑھ چکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات