Live Updates

عوام کے لیے خوشخبری ، حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کر دیا

بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ اگلے اجلاس میں کیا جائے گا ۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 اکتوبر 2018 12:02

عوام کے لیے خوشخبری ، حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ مؤخر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2018ء) : حکومت نے عوام پر بجلی بم گرانے کا فیصلہ موخر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔ آج وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے پرکوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ بجلی کی قیمت میں اضافے پر فیصلہ وزیر توانائی کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے مؤخر کیا گیا ۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز خبر موصول ہوئی تھی کہ بجلی کی قیمت میں 3 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ بجلی صارفین سے اس اضافے کے تحت تقریباً چار سو ارب روپے ماہانہ اضافی وصول کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

بجلی کےنرخوں میں اضافہ سال17-2016ء اور18-2017 ء کے لیے تجویز کیا گیا ۔یاد رہے کہ رواں ماہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ضمنی انتخاب سے قبل بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا گیا تھا کہ ضمنی انتخابات سے قبل بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو موخر کر دیا جائے کیونکہ اس اضافے سے ضمنی انتخاب میں پارٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

جس کے بعد فیصلہ کچھ دیر کے لیے موخر تو کیا گیا لیکن 3 اکتوبر 2018ء کو بجلی کی قیمتوں میں 1روپیہ 16 پیسے فی یونٹ اضافے کا اعلان کر دیا گیا۔ بجلی کی قیمتوں میں ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں اضافہ کیا گیا۔ جس کے تحت رواں ماہ صارفین 16 ارب روپے اضافی ادا کرنا ہو گے۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کے بعد حکومتی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کل ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج کو دیکھ کر بھی یہی اندازہ لگایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے گذشتہ 60 دنوں کے دوران کیے گئے فیصلے بھی نتائج پر اثر انداز ہوئے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی دیکھ کر عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا اور یوں ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کو نقصان اُٹھانا پڑا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات