پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہر میں الیکٹرانک چالان بارے تفصیلات جاری کر دیں

سیف سٹی کیمروں کی مددسے 75ہزار ای چالان جاری؛ قومی خزانے میں 7ملین سے زائد جرمانہ جمع اتھارٹی نے 8000 سے زائدگاڑیوں کا ریکارڈ درستگی کیلئے محکمہ ایکسائز کو بھجوایا ہے‘ ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی

منگل 16 اکتوبر 2018 15:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے لاہور میںجاری الیکٹرانک چالان منصوبے بارے ابتدائی تفصیلات جاری کر دیں ۔ سیف سٹی کیمروں کی مددسے ا ب تک 75ہزار ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ ای چالان کی مد میں 7ملین سے زائد جرمانہ قومی خزانے میں جمع ہوا۔ ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق اتھارٹی نے 8000 سے زائدگاڑیوں کا ریکارڈ درستگی کیلئے محکمہ ایکسائز کو بھجوایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی پر گاڑی، موٹرسائیکل، رکشہ سمیت ہر سواری کا بلا امتیاز چالان کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں ہونے والی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے 595الیکٹرانک چالان پنجاب کے دوردراز علاقوں میں بھی جمع کروائے گئے۔ لاہور میںہونے والی خلاف ورزی کے چالان بینک آف پنجاب کی ملتان، لیہ، لودھراں، ساہیوال اور گجرانوالہ برانچوں میں بھی جمع کروائے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ گاڑی مالکان کی نسبت موٹر سائیکل سواروں کے چالان جمع کروانے کی شرح کم ہے۔ ٹریفک قوانین کی مستقل خلاف ورزی اور چالان جمع نہ کروانے کے باعث مخصوص شاہراہوں پر موٹرسائیکل سواروں کے داخلے پر پابندی زیر غورہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقررہ مدت تک چالان جمع نہ کروانے والوں کو بلیک لسٹ کیا جا رہاہے جنہیں بینک کی شاخوں کے قریب ناکے لگا کرروکا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ جلد ہی سیف سٹیز اتھارٹی کی ویب سائٹ (PSCA.GOP.PK) پر ای چالان دیکھے جا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری اپنے قومی شناختی کارڈ اور وہیکل رجسٹریشن نمبرکے ذریعے ادارے کی وہب سائٹ پر آن لائن چالان دیکھ سکیں گے۔