Live Updates

پی ٹی آئی گارنٹی دے کہ امن وامان کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی تو عمران خان سے ملاقات کرا دیں گے

پی ٹی آئی کی بانی سے ملاقات پر حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں، احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا آئینی حق ہےلیکن انتشاری ماحول نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی مذاکرات نہ کرنے کے بہانے بناتی ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 7 اگست 2025 22:19

پی ٹی آئی گارنٹی دے کہ امن وامان کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی تو عمران ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 07 اگست 2025ء ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی گارنٹی دے کہ امن وامان کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی تو عمران خان سے ملاقات کرا دیں گے، پی ٹی آئی والوں کی بانی سے ملاقات پر حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں، احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے لیکن انتشاری ماحول نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی مذاکرات نہ کرنے کے بہانے بناتی ہے۔

انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کا دن یوم استحصال کشمیر کا دن ہے، 5 اگست 2019 کو انڈیا نے کشمیر کا اسٹیٹس ختم کیا تھا جس پر یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ اب 14 اگست کوپارٹی کا جھنڈا لے کر کھڑا ہونا اتنی سادہ بات نہیں ہے۔ماضی میں پی ٹی آئی نے احتجاج کئے تو پرتشدد احتجاج ہوئے ، ماضی میں پولیس اور رینجرز کے جوان شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

اس لئے حکومت کو حفاظتی اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا تھا ہم اسلحہ لے کر آئیں گے ۔جب ایسے اعلانات ہوں گے اور آپ کہیں کہ پرامن احتجاج ہوگا تو کوئی نہیں مانے گا۔ قومی اسمبلی سے سب لوگ باہر نکلے کسی کو نہیں پکڑا گیا تھا، ایک گیٹ بند انتشاریوں کوروکنے کیلئے بند کیا گیا تھا ۔ سب لوگ دوسرے گیٹ سے باہر نکل کر گئے۔ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ہینڈلرز ملک کے اندر اور باہر جو کر رہے سب کو پتا ہے۔

معیشت ، دفاع ، سماجی انصاف اور صحت تعلیم کی ترقی کیلئے ہم سب کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔ پی ٹی آئی کا احتجاج کرنا آئینی حق ہے لیکن انتشاری ماحول نہیں ہونا چاہیے۔ گارنٹی دیں کہ امن وامان کا مسئلہ پیدا نہیں ہوگاتو بانی پی ٹی آئی کی سیاسی لوگوں سے ملاقات کرا دیں گے۔ پی ٹی آئی والوں کی ان کے بانی سے ملاقات پر حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں۔ ہمیں بھی مشکلات رہیں ، گرفتار کیا گیا ، طلال چوہدری کو نااہل کیا گیا۔ پی ٹی آئی والے مذاکرات نہ کرنے کے بہانے بناتے ہیں، پی ٹی آئی والے استعفا دینے میں ماہر ہیں، تحریک عدم اعتما د کے وقت انہوں نے استعفے دیئے تھے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات