Live Updates

کوئٹہ ،انتخابی نتائج سے واضح ہوگیا ہے کہ 25جولائی کے انتخابات میں تحریک انصاف کو جعلی مینڈیٹ سے جتوایا گیا ،مولانا نوراللہ

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) متحدہ مجلس عمل کے صوبائی صدر اور رکن بلوچستان اسمبلی مولانا نوراللہ نے ضمنی انتخابات میں ایم ایم اے کی حمایت سے اپوزیشن جماعتوں کی کامیابی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نتائج سے واضح ہوگیا ہے کہ 25جولائی کے انتخابات میں تحریک انصاف کو جعلی مینڈیٹ سے جتوایا گیا ، جس میں عمران خان اور اس کی جماعت کو اکثریت دلوائی گئی اوراسٹیبلشمنٹ کے چہیتوں کے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔

جبکہ ضمنی انتخابات سے پہلے قائد حز ب اختلاف میاں شہباز شریف کی گرفتاری اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کے بارے میں نیب اور دیگر اداروں کے نام پر منفی پراپیگنڈہ قابل مذمت ہے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کا پی ٹی آئی کی جیتی نشستو ں ہر کامیابی حاصل کرنا جمہوریت پسندوں کے لئے نیک شگون ہے حلقہ این اے 35بنوں سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے انتخابی نتائج کو بدلنے کے حربے بھی ناکام بنادیے۔

(جاری ہے)

عام انتخابات کی طرح ضمنی الیکشن میں بھی میڈیا کے پولنگ اسٹیشنوں میں داخلے پر جزوی پابندی افسوسناک ، قابل مذمت اور آزاد صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اپوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔جس ا نداز سے مہنگائی کی گئی ہے، عوام کو جعلی مینڈیٹ کا اندازہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق کی بیساکھیوں پر قائم حکومت اپوزیشن کی بہتر حکمت عملی سے زمین بوس ہوسکتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات