چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کا نیب لاہور کا دورہ ،

چیئرمین نیب نے میگا کرپشن مقدمات اور نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا میگا کرپشن کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا اور نہ ہی اس کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے ہے، نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور صرف پاکستان سے ہے،چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال

بدھ 17 اکتوبر 2018 20:11

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کا نیب لاہور کا دورہ ،
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور کا دورہ کیا جہاں پر چیئرمین نیب نے میگا کرپشن مقدمات اور نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا اور نہ ہی نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے ہے، نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور صرف پاکستان سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انویسٹی گیشنز کو ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران اور دیگر اساتذہ کو احتساب عدالت میں ہتھکڑی لگانے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا جس پر چیئرمین نیب نے کیس آفیسر ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد رفیع کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا جبکہ پنجاب پولیس کے اے ایس آئی مختار احمد کو بھی فوری طور پر معطل کرنے کیلئے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو سفارش کی۔

چیئرمین نیب نے پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹرمجاہد کامران کے کیس کی نئی انکوائری ٹیم تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔ چیئرمین نیب سے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسرز کے ایک وفد نے سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کے ساتھ ملاقات کی۔ پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسرز کے وفد میں سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کی بیگم بھی شامل تھیں۔

چیئرمین نیب نے وفد کی باتوں کو انتہائی توجہ اور اطمینان سے سنا اور وفد کو قانون کے مطابق مکمل انصاف کی یقین دہانی کرائی۔ پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسرز کے وفد نے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اقدامات کو سراہا اور اپنی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ڈی جی نیب لاہور کے خلاف چلائی گئی مہم پر بھی افسوس کا اظہارکیا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔ پروفیسرحضرات اور اساتذہ کرام ہمارے لئے قابل احترام ہیں، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور انہوں نے ہی مستقبل میں ملک کی باگ دوڑ سبنھالنی ہے، ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ میں یونیورسٹیوں اور کالجز کے اساتذہ کرام طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔