ضمنی الیکشن میں کامیابی نی25جولائی کی دھاندلی پر مہر ثبت کر دی،امیر حیدر خان ہوتی

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:21

ضمنی الیکشن میں کامیابی نی25جولائی کی دھاندلی پر مہر ثبت کر دی،امیر ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پارٹی کو مزید فعال اور متحرک کرنے کی جدوجہد جاری رہے گی ، باچا خان مرکز پشاور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں پارٹی کی کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ25جولائی کے انتخابات میں بدترین اور منظم دھاندلی کی گئی ، انہوں نے کہا کہ ہم باچا خان بابا کے پیروکار ہیں اور اپنا سیاسی سفر ہر صورت جاری رکھیں گے،امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ جمہوریت کی بقا اور عوام کے حقوق کیلئے اے این پی کی جدوجہد تاریخ کا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تمام تنظیمیں و ذیلی تنظیمیں عوامی رابطوں میں تیزی لائیں اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیاں اور فیصلے عوام تک پہنچائیں ،انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مرکزی بجٹ میں خیبر پختونخوا کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے اور یہی وہ تبدیلی تھی جس کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مرکزی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے ٹیکسوں میں اضافے اور نئے ٹیکسوں کے نفاذ کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے نام نہاد نعرے لگانے والوں نے اپنے پہلے 50دنوں میں ہی عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ، انہوں نے کہا کہ عوام 21اکتوبر کو ہونے والے پشاور کے ضمنی الیکشن میں مہنگائی اور ٹیکسوں کے نفاذ کے جواب میں حکمران جماعت کے خلاف اے این پی کے امیدوار کو کامیاب کرائیں اور موجودہ حکومتوں کو عوام دشمن فیصلے واپس لینے پر مجبور کریں، اس موقع پر صوبائی کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے، اجلاس میں پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے بھی تفصیلی بحث کی گئی۔