سانحہ کارساز آمریت اوردہشت گردوں کا مشترکہ گھنائونا فعل تھا، بلاول بھٹو

بی بی شہید اس سانحہ کے بعد دہشت گردی اور آمریت کو مسلسل چیلنج کرتی رہیں اور27دسمبر کواپنی بھی جان گنوا بیٹھیں،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا سانحہ کارساز کی180 شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:44

سانحہ کارساز آمریت اوردہشت گردوں کا مشترکہ گھنائونا فعل تھا، بلاول ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ کار ساز آمریت اور دہشت گردوں کی مشترکہ کا گھنائونا فعل تھا ،دونوں کے گٹھ جوڑ نے بی بی شہید کے ٹرک کو نشانہ بنایا جس میں 180 افراد شہید ہوئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ کارساز کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا ، جنہوں نے گیارہ سال قبل اس وقت جام شہادت نوش کیا جب دہشت گردوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا استقبال کرنے کیلئے جمع ہونیوالے 30 لاکھ کے مجمعے کو نشانہ بنایا۔

180 شہداء کے 11 ویں یومِ شہادت کے موقعے پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی اور اسے مضبوط بنانے کی جدوجہد کے دوران ان کی پارٹی نے خون کے دریا پار کیئے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمریت اور دہشت گردوں نے ایک گٹھ جوڑ کے تحت اس ٹرک کو نشانہ بنانے کی سازش کی جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور پارٹی کی سینیئر قیادت سوار تھے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو سانحہ کارساز کے بعد بھی آمریت اور دہشت گردی کو مسلسل چیلنج کرتی رہیں اور بالاخر 27 دسمبر 2007 کو اپنی جان بھی گنوا بیٹھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی قیادت اور کارکنان اپنے ان شہداء کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں جنہوں نے آمریت اور دہشت گردوں کے خلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔#