Live Updates

تعلقات بہتر کرنے کیلئے پاکستان کو پرانی افغانستان پالیسی ترک کرنا ہوگی، امریکہ

امریکہ کے ساتھ ہم آہنگ نئی پالیسی خود پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوگی ،ْ امریکی دفتر خارجہ افغان پالسی بدلنے تک پاکستان پر دباؤ قائم رکھا جائے گا ،ْ قائمقام ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے پاکستان ہنری انشر کا خطاب

جمعرات 18 اکتوبر 2018 14:19

تعلقات بہتر کرنے کیلئے پاکستان کو پرانی افغانستان پالیسی ترک کرنا ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) امریکی دفتر خارجہ کے قائمقام ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے پاکستان ہنری انشر نے کہاہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے پاس دو طرفہ تعلقات کو بہتر کرنے کے مواقع موجود ہیں تاہم اس کیلئے اسلام آباد کو افغانستان کے حوالے سے اپنی پرانی پالیسی ترک کرنا ہوگی۔واشنگٹن کے ووڈرو ولسن سینٹر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے ہنری انشر نے کہاکہ امریکہ کے ساتھ ہم آہنگ نئی پالیسی خود پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوگی۔

امریکا کے قائمقام نائب معاون وزیر خارجہ ہنری انشر کا کہنا تھا کہ افغان پالسی بدلنے تک پاکستان پر دباؤ قائم رکھا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ حقیقت میں ہم نے پاکستان کی جانب سے کچھ اقدامات ہوتے ہوئے دیکھے ہیں، تاہم فیصلہ کن اقدامات نہیں دیکھے کہ دہشت گرد پاکستانی زمین استعمال نہیں کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

ہنری انشر نے کہا کہ نئی حکومت کے پاس دوطرفہ تعلقات بہتر کرنے اور امن کا پارٹنر بننے کا موقع ہے اور تعلقات کی بہتری اور پارٹنر بننے سے دونوں کے لیے مزید فائدہ مند صورتحال ہوگی۔

انہوںنے کہا کہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لاکر پاکستان نتیجہ نہیں دے سکتا مگر تعمیری کردار ضرور ادا کرسکتا ہے۔ہنری انشر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ معاشی اور سیاسی طور پر پاکستان خطے میں قائدانہ کردار ادا کرسکتا ہے، مگر اس کی پالیسیوں سے خطے میں عدم استحکام ہو رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات