Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کا مشن پاکستان کو دنیاکے نقشے پر باعزت اور باوقار ملک بنانا ہے، پی ٹی آئی میں کوئی گروپ بندی نہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر بھر پوراعتماد ہے، پرویزخٹک

پاکستان سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے، سی پیک گیمز چینجر ثابت ہوگا،نوشہرہ میں صحافیوں سے بات چیت

اتوار 21 اکتوبر 2018 20:30

نوشہرہ۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا مشن پاکستان کو دنیاکے نقشے پر باعزت اور باوقار ملک بنانا ہے،موجودہ معاشی بحران ہمیں ورثے میں ملاہے، ماضی میں حکمرانوںنے اپنی کرپشن اورکمیشن کی خاطر ملک کو تیس ہزار ارب روپے مقروض چھوڑا، اس قرض کوختم کر نے کیلئے ہمیں مجبوراً ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے آئی ایم ایف سے قرضہ لینا پڑ رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی پوری کوشش ہے کہ غریب عوام پر بوجھ نہ پڑے،آئی ایم ایف سے رجوع کرناہماری مجبوری ہے تاہم دیگر دوست ممالک کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، پاکستان سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے، سی پیک گیمز چینجر ثابت ہوگا اس سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلوچستان سمیت پورے ملک میں ترقی کانیا دور شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انھوں نے نوشہرہ کے دورے کے موقع پر صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر عمران خان، ایم پی اے ابراہیم خٹک بھی موجود تھے۔ پرویز خان خٹک نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیوں کے اجلاس بہت جلدطلب کریںگے، تحریک انصاف کی بھر پور کامیابی پر عوام اورکارکنوں کاشکریہ بھی ادا کریں گے۔

تمام کمیٹیوںکی مشاورت سے مستقبل کے فیصلے کریں اور ترقیاتی فنڈ کی ایک ایک پائی کارکنوں کی مشاورت سے خرچ ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ابراہیم خٹک نوشہرہ کینٹ کے خٹک پلازہ میں عوام کی خدمت کے لیے موجود ہوتے ہیں اسی دفتر میں ڈاکٹرعمران خٹک، لیاقت خان خٹک بھی موجود رہیں گے اور حلقہ کے عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ رہے گا، میں خود بھی حلقے میں موجود رہوں گا۔

انھوں نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر کے تما م پرائمری ،ہائی ،مڈل او رہائیر سیکنڈری سکولوںاور کالجز کو دورہ کریں اور وہاں پر موجود کمی وبیشیوںکاجائز لیں ، وہ اگلے ماہ زڑہ مینہ بی ایچ یو کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے ایم پی اے ابراہیم خٹک کو ہدایت کی وہ صوبائی وزیر خزانہ تیمور خان جھگڑا سے فوری ملاقات کریں اور نوشہرہ کے مسائل اور سٹاف کی کمی کے حوالے سے منظوری لیں۔

پرویز خان خٹک نے کہا کہ انھوں نے خود ایک پائی کی کرپشن نہیں کی تو وہ دوسروںکو کس طرح معاف کریں گے کرپٹ لوگوں کی نوشہرہ میں کوئی جگہ نہیں۔انھوں نے اپوزیشن کے واویلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف قائد حزب اختلاف شہباز شریف اوران کے خاندان کے خلاف ان کے اپنے دور حکومت میں قومی احتساب بیورو نے ریفرنس جمع کرائے اوران کے خلاف کارروائیاں ہوئیں وہ وزیر اعظم عمران خان اور اداروں پربے جاالزام لگارہے ہیںتاہم وزیر اعظم عمران خان ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے ۔

وہ عدالتوںاور احتساب کاسامنا کریںاور اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔ انھوںنے کہا کہ پی ٹی آئی میںکوئی گروپ بندی نہیں،ہمیںوزیراعظم عمران خان کی قیادت پر بھر پوراعتماد ہے وہ صوبوں اور ملک کے مفاد میں بہتر فیصلے کررہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات