Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کے کشمیریوں سے اظہار ہمدردی پر بھارت تلملا اٹھا

پاکستانی قیادت کو بھارت کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرنے کے بجائے اپنے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے. بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان کا ردعمل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 اکتوبر 2018 11:12

وزیر اعظم عمران خان کے کشمیریوں سے اظہار ہمدردی پر بھارت تلملا اٹھا
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 اکتوبر۔2018ء) وزیر اعظم عمران خان کے کشمیریوں سے اظہار ہمدردی اور ان پربھارتی فورسز کے ظلم و ستم کے خلاف کئے گئے ٹوئٹ پر بھارت تلملا اٹھا ہے. گزشتہ روزسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے لکھا تھاکہ بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل عام کا نیا سلسلہ انتہائی قابل مذمت ہے.

وقت آگیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق بات چیت کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے حل کی جانب پیش رفت کا احساس کرے.

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے اس ٹوئٹ پر جاری مذمتی الفاظ بھارت ہضم نہ کر پایا، بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم کا ٹوئٹ پیغام افسوسناک ہے. انہوں نے پاکستان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی سر زمین پر بھارت مخالف دہشت گردسرگرمیوں کی حمایت کو روکنا چاہئے.

پاکستانی قیادت کو بھارت کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرنے کے بجائے اپنے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے. انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور اس کے دوسرے پڑوسیوں کے خلاف دہشت گردی کی حمایت اور اس کی تعریف کرنے کی بجائے پاکستان اپنے عوام میں دلچسپی لے‘کشمیر کے بارے میں مذاکرات پر پاکستان کا موقف دھوکہ دہی ہے. بھارت نے گزشتہ ماہ وزرا خارجہ کی ملاقات رضامندی کے صرف 24گھنٹے بعد ہی منسوخ کردی تھی جس کی وجہ مقبوضہ کشمیر میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اور کشمیری حریت پسند برہان وانی کی شہادت پر ڈاک ٹکٹ کا اجراءبتائی گئی تھی. وزیر اعظم عمران خان نے لکھا تھاکہ بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل عام کا نیا سلسلہ انتہائی قابل مذمت ہے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات