یہ نازک وقت ہے ،قوم مزید کسی انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی، الطاف شکور

جوڑ توڑ کی سیاست سے باز رہا جائے ۔ نواز شریف اور زرداری دور حکومت میں بھی عوام کو غربت ،مہنگائی ،بے روزگاری اور کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں ملا، صدر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی

منگل 23 اکتوبر 2018 19:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) پاسبان ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ یہ نازک وقت ہے ،قوم مزید کسی انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔ پی ٹی آئی حکومت کو کام کرنے کا موقع دیا جائے اور جوڑ توڑ کی سیاست سے باز رہا جائے ۔ نواز شریف اور زرداری دور حکومت میں بھی عوام کو غربت ،مہنگائی ،بے روزگاری اور کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں ملا ۔

حکومت بھی اپنی حماقتوں اور غلطیوں سے سبق سیکھے اور آئی ایم ایف کے پاس جانے جیسے غیر مقبول فیصلے کرنے سے باز رہے ۔ اپوزیشن میں بیٹھے ہوئے سیاستدان آل پارٹیز کانفرنس ضرور بلائیں ،حکومت کی غلطیوں پر گرفت بھی ضرور کریں لیکن اصلاح کے لئے وقت دیں اور مثبت تنقید کریں ۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر الطاف شکور نے گذشتہ روز سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی باہمی ملاقات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زداری اور مولانا فضل الرحمن نے آئندہ چند روز میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی بات کی ہے ۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف سمیت تمام اپوزیشن رہنمائوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ ان سب نے ملکر ملک کو کرپشن کی دلدل میں دھکیلا ۔ پی ٹی آئی حکومت کو ابھی جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں اور ابھی سے پس پردہ سازشیں اور انتشار پھیلانے کی باتیں ملک و قوم اور جمہوریت کے مفاد میں نہیں ۔ الطاف شکور نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ آئی ایم ایف کی تباہ کن معاشی پالیسیوں سے دور رہے ۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو اپنے وعدوں کے مطابق باوقار طریقہ سے وطن واپس لائے ۔ کینسر اور فالج جیسی بیماری پھیلانے والے مونسینٹو کمپنی کے قاتل بیج GMOsکی درآمد پر پابندی عائد کرے ۔ نیٹو سے ہماری راہداری استعمال کرنے کی مارکیٹ ویلیو کے حساب سے اجرت لی جائے ۔ الیکٹ ایبلز اور آئی ایم ایف کے ایجنٹوں کو اپنی صفوں سے نکال باہر کرے #