ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی اور ایشیائی پارلیمان کے قیام کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس 29 اکتوبر سے گوادر میں شروع ہوگا،

26 ایشیائی ممالک کی بھرپور شرکت متوقع

جمعرات 25 اکتوبر 2018 14:31

ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی اور ایشیائی پارلیمان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2018ء) ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی اور ایشیائی پارلیمان کے قیام کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس 29اکتوبر سے گوادر میں شروع ہوگا جس میں 26 ایشیائی ممالک نے بھرپور شرکت کا آمادگی ظاہر کی ہے۔اجلاس میں خطے میں دیرپا امن کے قیام ، باہمی تجارتی روابط کو فروغ دینے ، اقتصادی تعاون کو مستحکم بنانے اور دنیا کے مختلف فورم پر ایشیائی ممالک کا مختلف حوالے سے نکتہ نظر مؤثر انداز میں یک آواز ہو کر پیش کرنے سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔

جن ممالک نے اجلاس میں شرکت کے لئے آمادگی ظاہر کی ہے ان میں تھائی لینڈ، شام ، انڈونیشیا، اردن ،ساموا، افغانستان ، لائوس، کمبوڈیا، نیپال، سعودی عرب، بحرین، مشرقی تیمور، روس، بھوٹان، ایران، لبنان، قطر، اومان، ترکی، متحدہ عرب امارات، فلپائن، چین، سری لنکا، عراق ، آذربائیجان سمیت بین الپارلیمانی یونین اور ایشین پارلیمانی اسمبلی سیکرٹریٹ کے نمائندے شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے حوالے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اس حوالے سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ یہ پاکستان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ 26 ملکوں سے 97 مندوبین گوادر میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پاکستان کے مستقبل کا تجارتی مرکز ہے اور یہاں سے وسطی ایشیائی اور مشرق وسطیٰ کے علاوہ یورپ تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جس کا اثر نہ صرف پاکستان کی معیشت پر پڑے گا بلکہ پورے ایشیا کی اقتصادی خوشحالی کا ضامن ہوگا۔

اس اعلیٰ سطح کانفرنس کا انعقاد سینیٹ آف پاکستان نے کیا ہے جو کہ 29 اکتوبر سے 31اکتوبر تک گوادر میں جاری رہے گی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن ، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور معاشی ترقی کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس اہم اجلاس کو گوادر میں منعقد کرانے کا مقصدگوادر کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور پارلیمانی قیادت کو امن و ترقی کے فروغ کیلئے تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنا ہے۔

سیاسی امور کی کمیٹی میں ایشیائی خطے میں قانون کی حکمرانی، تعاون کے ذریعے ایشیائ کی ترقی اور ایشیائی پارلیمانوں اور حکومتوں کو قریبی معاونت کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق قرار دادیں زیر غور لائی جائیں گی جبکہ سینیٹ آف پاکستان جمہوریت کے ذریعے ترقی کے حصول سے متعلق تجویز سامنے لائے گا تاکہ امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے اس نظام کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

تاریخی اعتبار سے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی بنیاد اس وقت ڈالی گئی جب ایشیائی پارلیمانوں کی تنظیم برائے امن کا اجلاس ستمبر 1999ء میں بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں منعقد ہوا اور ایشیا میں انسانی حقوق اور امن کو فروغ دینے کیلئے ایشیائی پارلیمانوں نے مل کر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا۔ 2006ء کی ایشیائی پارلیمانوں کی تنظیم برائے امن کے تہران میں ہونے والے اجلاس میں اس تنظیم کو ایشیائی پارلیمانی اسمبلی میں تبدیل کر دیا گیا۔

سینیٹ آف پاکستان نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے فورم پر ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا اور ایشیائی پارلیمانوں کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا تاکہ امن، ترقی و خوشحالی کیلئے مل جل کو کوششیں کی جا سکیں۔ گوادر میں اس اہم کانفرنس کے انعقاد کا مقصد پاکستان کے اس اہم شہر کے مستقبل کے حوالے سے تجارتی اور کاروباری اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پچھلے ہفتے گوادر کا دورہ بھی کیا تھا اور متعلقہ حکام کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے متعلق ہدایات بھی دیں۔ سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک تمام انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں اور کانفرنس کے مقاصد کے حصول کیلئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔