سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے بلا نوٹس 200 پروجیکٹ ملازمین کو برطرف کر دیا

اتوار 28 اکتوبر 2018 22:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2018ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے بلا نوٹس 200 پروجیکٹ ملازمین کو برطرف کر دیا جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر آصف علی شاہ گیلانی اورسینئر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایچ آرراجہ عابد حسین نے مبینہ ملی بھگت سے عدالت عالیہ کے برطرفیوں کے خلاف حکم امتناعی کو نظر انداز کرتے ہوئے بحال ہونے والی69ملازمین کو دوبارہ نہ صرف برطرف کیا بلکہ ان کے خلاف مقدمات کے اندارج کی دھمکیاں دیں جبکہ راولپنڈی اور اٹک پولیس ، ایئر پورٹ سکیورٹی فورس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو برطرف ملازمین کو زبر دستی ایئر پورٹ سے باہر نکالنے کا حکم جاری کر دیاہے ذرائع کے مطابق سول ایوی ایش اتھارٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر آصف علی گیلانی اور سنیئر اسسٹنٹ راجہ عابد حسین نے مبینہ ملی بھگت سے بغیر نوٹس جاری کئے 14ستمبر2018کو اچانک برطرف کر دیا جس پر برطرف ملازمین نے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر احتجاج ریکارڈ کروایا دریں اثنا مکینکل سپروائزر غلام قدیر ارائیں ، ہارٹی کلچر سپروائزر ملک فیصل محمود ، سیکورٹی سپروائزر سید جعفر شاہ اور ارکین قومی اسمبلی سردار سلیم حیدر ، سردار مشتاق کی باہمی مشاورت اور حکم پر17 اکتوبر کو برطرفیوں کے خلاف عدالت عالیہ سے حکم امتناعی جاری کروایا تاہم گزشتہ روز پروجیکٹ ڈائریکٹر آصف علی گیلانی نے عدالتی حکم کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے دوربارہ بحال کئے جانے والے 69ملازمین کو دوبارہ برطرف کر دیا جبکہ برطرفی کے خلاف کسی قسم کے احتجاج کی صورت میں راولپنڈی اور اٹک پولیس ، ایئر پورٹ سکیورٹی فورس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مذکورہ ملازمین کو دھکے دے کر زبر دستی ایئر پورٹ کی حدود سے باہر نکالنے کا حکم بھی جاری کر دیا اس ضمن میں برطرف ملازمین نے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے ان کی برطرفیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے انہوں نے کہا کہ بغیر وجہ کے اس بڑے پیمانے پر برطرفیوں سے نہ صرف بین الاقوامی سطح کے ایئر پورٹ پر مسائل میں اضافہ ہو گا بلکہ کئی خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے ۔