امام حسین کے چہلم کے باعث کراچی کے تعلیمی اداروں کیلئے منگل کے روز تعطیل کا اعلان

muhammad ali محمد علی پیر 29 اکتوبر 2018 18:48

امام حسین کے چہلم کے باعث کراچی کے تعلیمی اداروں کیلئے منگل کے روز تعطیل ..
کراچی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 اکتوبر 2018ء) امام حسین کے چہلم کے باعث کراچی کے تعلیمی اداروں کیلئے منگل کے روز تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے امام حسین کے چہلم پر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو کراچی سمیت دیگر شہروں میں چہلم کے جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروسز بھی معطل کرنے کے لیے سفارش کردی ہے۔

کراچی میں 30 اکتوبر کو ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی جبکہ حیدر آباد، شہید بینظیر آباد، میر پورخاص، سکھر اور لاڑکانہ میں 29 اکتوبر سے 2 نومبر تک اس پابندی کا اطلاق ہوگا۔یہ پابندی خواتین، 12 سال سے کم عمر بچوں، بزرگ شہریوں، صحافیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے یونیفارم میں اہلکاروں اور ریسکیو اہلکاروں پر عائد نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت کے حکام کا کہنا تھا کہ اس پابندی کو سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) ڈاکٹر سید کلیم امام کی تجویز پر لگایا گیا ہے جنہوں نے کراچی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں شدت پسندانہ کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جاری آپریشن سے ہونے والے خطرات کے پیش نظر چہلم پر صوبائی پولیس چیف نے کراچی سمیت صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی کی تجویز دی تھی۔

سندھ کے وزارت داخلہ نے وفاقی سیکریٹری داخلہ اور پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) کے چیئرمین کو خط لکھ کر کراچی، حیدر آباد، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ میں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل کرنے کے لیے کہا ہے۔یہ تجویز بھی سندھ کے آئی جی پولیس کی جانب سے دی گئی تھی۔کراچی کے لیے تجویز دی گئی ہے کہ موبائل سروس کو 30 اکتوبر کو صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک جلوس کے راستے، سولجر بازار میں قائم نشتر پارک سے کھارادر کے حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ تک، پر بند رکھا جائے۔

حیدر آباد میں موبائل سروس کو حیدر آباد اسٹیشن روڈ سے صدر کے علاقے تک صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک بند رکھنے کی تجویز دی گئی۔سکھر میں فوجداری چوک سے قصائی محلہ تک دوپہر 12 سے رات 12 تک، خیرپور میں خاری پور سے پریالو تک صبح 8 سے رات 8 تک، جیکب آباد میں تھل سے گھاری خیرو تک صبح 8 سے رات 10 تک بند رکھنے کی تجویز دی گئی۔شکارپور کو حساس قرار دیتے ہوئے ضلع بھر میں صبح 8 سے رات 10 بجے تک موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کی سفارش کی گئی ہے۔تاہم کسی بھی سانحے یا ہنگامی صورتحال پر سندھ کے وزارت داخلہ کی درخواست پر موبائل فون سروسز کو دوبارہ کھولنے کے احکامات دیے جاسکتے ہیں۔