حکومت تحریک لبیک سے کیے گئے معاہدے پر عمل کرے

تحریک لبیک سے جو بھی معاہدہ کیا گیا ہے اُسے پورا کیا جانا چاہئیے۔ مفتی منیب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 7 نومبر 2018 12:06

حکومت تحریک لبیک سے کیے گئے معاہدے پر عمل کرے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 نومبر 2018ء) : چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب نے کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور اور وزیر قانون پنجاب و دیگر حکام نے تحریک لبیک سے جو معاہدہ کیا ہے اس کو پورا ہونا چاہئیے۔ معاہدے کے بعد لبرل قوتیں حکومت کو اُبھار رہی ہیں لیکن ریاست کو اپنا وعدہ پورا کرنا چاہئیے۔تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوری سے ملاقات کے بعد گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت اقتصادی مسائل کا شکار ہے، حکومت کو قائم ہوئے ابھی زیادہ وقت نہیں ہوا ۔

حالات کا تقاضا ہے کہ مسائل میں اضافہ نہ کیا جائے، ملک کو صبر و تحمل سے اس صورتحال سے نکالنا چاہئیے ۔ اگر معاہدہ پورا نہ ہوا تو حکومت سے اعتبار ختم ہو جائے گا۔ وزیراعظ م کو چاہئیے کہ جذبات کی بجائے مکالمے کو فوقیت دیں ۔

(جاری ہے)

ہم مودی کے ساتھ مذاکرات کی بات کرتے ہیں اور اپنے لوگوں کے ساتھ مذاکرات میں پس و پیش میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ مفتی منیب نے علامہ خادم حسین رضوی کی آمد پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ آسیہ بی بی کی توہین رسال ﷺ کیس میں سپریم کورٹ سے بریت کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا جو تین روز تک جاری رہا۔ جس کے بعد حکومت نے مظاہرین کے قائدین سے مذاکرات کیے اور معاہدے کے تحت دھرنا قائدین نے احتجاج ختم کرنے کی کال دے دی۔ تاہم دو روز قبل حکومت نے دھرنے کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والے مظاہرین کی گرفتاری کا اعلان کیا اور کئی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جس پر تحریک لبیک سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

قائدین کا خیال ہے کہ اگر سرگرم کارکنان کو گرفتار کیا گیا اور ان سے لا تعلقی کا اظہار کر دیا گیا تو عام کارکنوں میں بھی مایوسی پھیلنے کا خدشہ ہے اور آئندہ کوئی بھی دھرنے کی کال پر لبیک نہیں کہے گا۔اس حوالے سے تحریک لبیک کے قائدین نے بھی سر جوڑ لیے ہیں اور موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کی تشکیل پر غور شروع کر دیا ہے۔