چیئرمین پیمرا کا ریجنل آفس گجرانوالہ کا دورہ

ْغیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کیخلاف جاری مہم کومزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، محمد سلیم بیگ

جمعرات 8 نومبر 2018 19:00

چیئرمین پیمرا کا ریجنل آفس گجرانوالہ کا دورہ
گجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2018ء) چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ریجنل آفس گجرانوالہ کا دورہ کیا۔ ریجنل انچارج محمد خالق نے گجرانوالہ ریجن کی لائسنسنگ ، قوانین کے نفاذ، ریکوری اور دیگر عملی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا کو پیمرا فیلڈ سٹاف کے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول ایف آئی اے، کسٹم انٹیلی جنس، پولیس اور رینجرز کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور چینلز کے خلاف جاری مہم سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

ان چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں غیرقانونی سامان قبضہ میں لیا گیاجس میں 992 سیٹلائٹ ریسیور، 4900ایل این بی ،130ڈش انٹینا و دیگر شامل ہیں۔ چیئرمین پیمرا نے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیںغیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ ، سی لائن اور جادو باکس کی خریدو فروخت کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ میسر نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے سٹاف کو تلقین کی سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے ملک سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کے اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے جو کہ ناصرف ہماری سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کیلئے تباہ کُن ہے بلکہ ہمارے ملک کیلئے بڑے مالی نقصان کا بھی باعث ہے۔ اس دورے کے موقع پر چیئرمین پیمرا نے گجرانوالہ کے کیبل آپریٹرز کے وفد سے بھی ملاقات کی اور انہیں سپریم کورٹ کے انڈین مواد کے خاتمے سے متعلق احکامات پرسختی سے عملدرآمد کرنے اور اپنی نشریات کو قوانین کے مطابق بنانے کی تلقین کی ، اور کہا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں پیمرا سخت اقدامات کا مجاز ہو گا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کیبل آپریٹرز ایسے رفاع عامہ کے پیغامات جو معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے میں کارآمد ہیںجیسا کہ ڈیم فنڈز، صاف و سرسبز پاکستان اور ٹریفک قوانین سے متعلق پیغامات کو زشیادہ سے زیادہ نشر کریں تاکہ ایک ذمہ دار معاشرہ عمل میں لایا جا سکے۔ مزید برآں! چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے تما م جائز مطالبات کو جلد از جلد منظور کرنے اور انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ان کی مدد اور معاونت کرنے کا یقین دلایا تاکہ اس انڈسٹری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

چیئرمین پیمرا نے گجرانوالہ آفس کے افسران سے کہا کہ وہ پیمرا قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اورساتھ ساتھ اس بات پر زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ ومشاورت یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اور پیمرا لائسنس یافتگان سے مکمل تعاون کو یقینی بناتے ہوئے اس انڈسٹری کا مستقبل تابناک بنائیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) محمد فاروق، جنرل منیجر (آپریشنز) محمد طاہر، سیکریٹری اتھارٹی فخرالدین مغل اور دیگر پیمرا افسران بھی ان کے ساتھ تھے۔