Live Updates

اسلام آباد،نیا بلدیاتی نظام کرپشن اور ذاتی مفاد کو ختم کر دے گا،وزیراعظم

نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں پر پیسہ دیہات کی سطح پر خرچ ہوگا ، عوام کے اپنے نمائندے منتخب ہوکر فلاح و بہبود کا کام بہتر طریقے سے کر سکیں گے، بلدیاتی نظام کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

منگل 13 نومبر 2018 23:58

اسلام آباد،نیا بلدیاتی نظام کرپشن اور ذاتی مفاد کو ختم کر دے گا،وزیراعظم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2018ء) نیا بلدیاتی نظام کرپشن اور ذاتی مفاد کو ختم کر دے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اورخیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں میں بلدیاتی نظام کے ایڈمنسٹریشن مسائل پر غور کیا گیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک ،مشیر وزیراعظم محمد شہزادارباب،وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان،صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ خیبرپختونخوا شہرام خان ترکئی، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا، صوبائی وزیرقانون خیبر پختونخوا سلطان خان اور سینئر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جو عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کر سکے۔

(جاری ہے)

نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں پر پیسہ دیہات کی سطح پر خرچ ہوگا جس سے وسائل کا ضیاع اور کرپشن ختم ہوگی اور عوام کی ترجیحات کے مطابق ہی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ممکن ہو سکے گی اور عوام کے اپنے نمائندے منتخب ہوکر فلاح و بہبود کا کام بہتر طریقے سے کر سکیں گے۔ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی منصوبوں کی منطوری اور قانون سازی ایسے طریقے سے ہوگی جس کا احتساب عوام براہراست کر سکیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ ذاتی مفاد اورکرپشن کے خاتمے کے لیے نیا نظام معاون ثابت ہوگا۔ اس نظام کا واحد مقصد عوا م کی فلاح و بہبود ان کو اپنی ترجیحات کے مطابق کرانا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات