سیاسی رہنما امجد شاہ زمان نے میرپور میں گورنمنٹ ہائی سکول کی عدم تعمیر پر احتجاج کا اعلان کر دیا

بدھ 14 نومبر 2018 16:16

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) گورنمنٹ ہائی سکول میرپور ایبٹ آباد کی عدم تعمیر پر امجد شاہزمان نے احتجاج کا اعلان کر دیا۔ گورنمنٹ ہائی سکول میرپور کی عمارت 8 اکتوبر 2005ء کے تباہ کن زلزلہ میں متاثر ہوئی، سکول کی عمارت کی تعمیر کا کام 10 سال قبل ادھورا چھوڑ کر فرار ٹھیکیدار بھاگ گئے تھے۔

(جاری ہے)

سکول کی نچلی منزل پر جو کلاس روم بنائے گئے ہیں، میں نہ تو پلستر کیا گیا ہے اور نہ ہی فرش ڈالے گئے ہیں، دروازے اور کھڑکیاں بھی موجود نہیں ہیں، سکول کی اوپری منزل پر چھت موجود نہیں ہے، صرف پلر کھڑے ہیں۔

امجد شاہزمان نے کہا کہ سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون اور مشتاق احمد غنی اپنے حلقہ کے بچوں اور عوام کیلئے کچھ نہیں کر سکے، اب حلقہ کے عوام باشعور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سکول کی حالت زار کے بارے میں متعدد مرتبہ حکام بالا کو آگاہ کر چکے ہیں، اگر دو ماہ کے اندر صوبائی حکومت نے سکول کی تعمیر کیلئے کچھ نہ کیا تو پھر ہم گورنمنٹ ہائی سکول کے بچوں کے ہمراہ شدید احتجاج کریں گے۔