پی بی 5 اوراین اے 258 کے 23 پولنگ اسٹیشنوں پر کل انتخابات ہونگے

بیلٹ باکس،بیلٹ پیپر و دیگر مواد ایف سی کی سخت سیکورٹی میں پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ گیا

بدھ 14 نومبر 2018 22:54

دکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2018ء) حلقہ پی بی 5 کے تمام اور حلقہ این اے 258 کے 23 پولنگ اسٹیشنوں پر آج انتخابات ہونگے ۔آر او پی بی 5 سید نزیر شاہ آر او این اے 258 سمیع اللہ کاکڑ کے مطابق پولنگ کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔حلقے میں کل رجسٹر ووٹوں کی تعداد 52579 ہے جن میں مرد ووٹروں کی تعداد 30034 جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد 22545 ہے ۔

75 پولنگ اسٹیشنوں کے لئے انتخابی مواد بیلٹ باکس،بیلٹ پیپر اور دیگر مواد ایف سی کی سخت سیکورٹی میں پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچا دیئے گئے ہیں ۔پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہیگی ۔انتخابات کی کوریج کے لئے میڈیا اور انتخابی مبصرین کو خصوصی پاسیز جاری کردیئے گئے ہیں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر دکی عبدالناصر دوتانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ تمام 75 پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں۔ہر پولنگ اسٹیشن پر 4 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر ایف سی ؛پولیس اور لیوز کی 2000 نفری تعینات کرکے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ایف سی ؛پولیس اور ڈپٹی کمشنر آفس میں تین کنٹرول روم قائم کردیئے گئے ہیں۔

عوام کسی بھی ناخوشگوار صورت حال کے بارے میں کسی بھی کنٹرول روم فون کرکے آگا کرسکتے ہیں ۔دکی کو 8 سیکٹر میں تقسیم کردیا گیا ہے ہر سیکٹر کا انچارج اسسٹنٹ کمشنر ہوگا جبکہ انکے ساتھ ایک آرمی کا افیسر بھی موجود رہیگا۔انہوں نے کہا کہ امن وامان قائم رکھنے اور صاف و شفاف انعقاد کے لئے سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدمات کئے گئے ہیں۔کسی کو دھاندلی کرنے اور امن وامان خراب کرنے کی اجازت کسی طور پر نہیں دی سکتے ۔

دھاندلی کی کوشش کرنے والے کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائیگی ۔الیکشن کی نگرانی کے لئے کمشنر ژوب ڈویژن ؛کمانڈنٹ لورالائی اسکاوٹس اور ڈی آئی جی پولیس خود دکی میں موجود ہونگے۔جبکہ کوئک ریسپانس فورس تشکیل دے دی گئی ہے جو کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے تیار رہیگی۔اس حلقے سے عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی نشت پر سابق صوبائی وزیر سردار مسعود علی خان لونی جبکہ قومی اسمبلی پر سابق ایم این اے سردار اسرار ترین کامیاب ہوگئے تھے .بعد ازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ پی بی 5 کے مکمل اور حلقہ این اے 258 کے 23 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کالعدم قرار دیکر دوبارہ الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے .حلقہ پی بی 5 دکی پر باپ پارٹی کے صوبائی نائب صدر سابق صوبائی مشیر انڈسٹریز سردار محمد ناصر ,آزاد,امیدوار سابق صوبائی وزیر سردار مسعود علی خان لونی اور جمعیت علما اسلام کے امیدوار سابق صوبائی وزیر سردار یحی خان ناصر جبکہ حلقہ این اے 258 پر سابق وفاقی وزیر مولانا امیر زمان اور سابق ایم این اے سردار اسرار ترین کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہے ۔