وزیراعظم نے ایس پی طاہر داوڑ کے قتل کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے،افغان حکام کے رویہ کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا، سینیٹر اورنگزیب خان

جمعہ 16 نومبر 2018 14:20

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اورنگزیب خان نے کہا ہے کہ جس ملک کی عوام کو، ان کے بچوں کو اپنے بچوں کی طرح پالا آج ہمارے ساتھ ان کا سلوک سب کے سامنے ہے، وزیراعظم نے ایس پی طاہر داوڑ کے قتل کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پولیس آفیسر کا افغانستان میں قتل ہونا سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر اورنگزیب خان نے کہا کہ افغانستان کا رویہ سب کے سامنے ہے ، مقتول ایس کی لاش وزیر مملکت برائے داخلہ اور حکومت پاکستانی حکام کے حوالے نہ کرنا قابل مذمت ہے،اس رویہ کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔ سینیٹ میں غیر پارلیمانی زبان کے استعمال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کسی وزیر اور سینیٹر کو ایوان میں غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرنے کا حق حاصل نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سو دن کا پلان لائحہ عمل اور پالیسیاں بنانے کے لئے دیا تھا اس حوالے سے حکومت عوام کو آگاہ کرے گی۔