Live Updates

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوستانہ، برادرانہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں، وزیراعظم عمران خان کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید فروغ پائیں گے، سابق سفارتکار

اتوار 18 نومبر 2018 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) سابق سفارتکاروں نے وزیراعظم کے عمران خان کے متحدہ عرب امارات کے دورے کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوستانہ، برادرانہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں، وزیراعظم کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ سابق سفیر فوزیہ نسرین نے اتوار کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات صنعتی بستیوں کے قیام میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں اور اس میں سیاسی، اقتصادی اور سماجی سطح پر روابط کے فروغ کے ذریعے اسے بااعتماد سٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کے تمام امکانات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سعودی عرب اور چین کی طرح اقتصادی اہمیت کا حامل ملک ہے ۔ متحدہ عرب امارات نے تجارت اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی ہے جبکہ خود متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور عوامی رابطوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، انفراسٹرکچر، بجلی کی پیداوار، پانی کی صفائی، زرعی صنعتوں، انشورنس اور ریئل اسٹیٹ کے شعبوں میں پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کی وسیع تر گنجائش ہے۔ سابق سفیر مشتاق احمد مہر نے بتایا کہ وزیراعظم کا دورہ یو اے ای اہمیت کا حامل ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش ہے اور حکومت ترغیبات کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاری لا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی اور کراچی خطہ میں اہم تجارتی مراکز ہیں، متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری ملک کے سفیر کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم کے دورے کے موقع پر یو اے ای کی جانب سے پاکستان کو اچھا اقتصادی پیکج دیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات