سپریم کور ٹ نے آشیانہ ہائوسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی

پیر 19 نومبر 2018 23:21

سپریم کور ٹ نے آشیانہ ہائوسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت 29 نومبر تک ملتوی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) سپریم کور ٹ نے آشیانہ ہائوسنگ سوسائٹی کے حوالے سے کیس میں شریک ملزمان منیر ضیاء اور امتیاز حیدر کی جانب سے ضمانت کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت وکیل کی عدم دستیا بی کے با عث ملتوی کر تے ہوئے کہاہے کہ یہ اہم ترین کیس ہے‘ نیب والے اس کیس میں ٹھیک طریقے سے کام کریں۔ پیرکو جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ،اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم منیر ضیا کے وکیل اعظم نذیر تارڑ دوسری کورٹ میں مصروف ہیں اس لئے وہ ا س کیس میں حاضر نہیں ہو سکے، عدالت کو پراسیکوٹر نیب نے کیس کے بارے میں بتایا کہ ملزمان نے آشیانہ ہائوسنگ اسکیم میں قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا ہے ، تعمیراتی ٹھیکہ کسی اور کمپنی کو ملنا تھا لیکن کاسا نامی کمپنی کو دے دیا گیا جو بنیادی طور پر تین کمپنیوں کا جوائنٹ وینچر ہے اس معاملے میں6 ملزمان کے خلاف عبوری ریفرنس دائر کیا گیا ہے، سماعت کے دوران جسٹس شیخ عظمت سعید نے استفسار کیا کہ اگراتنے لوگ اس کیس میں ملوث ہیں تو کیا نیب نے کاسا والوں کو پکڑ لیا ہے یا نہیں ، دوسری جانب اگرکاسا تین کمپنیوں کا جوائنٹ وینچر ہے تو اب تک صرف 6 ملزمان کیسے گرفتار ہوئے ہیں‘ فاضل جج نے نیب پراسیکوٹر سے کہاکہ نیب والے ٹھیک طریقے سے کام کریں ،یہ ایک اہم کیس ہے ، اس کیس میں نیب کوچاہیے کہ وہ طریقے سے تحقیقات کرے، فاضل جج نے مزید کہاکہ آج وکلا ء صفائی کی عدم موجود گی کے باعث عدالت کوئی فیصلہ نہیں کررہی ، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کوکیس کے بارے میں بتایا کہ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور فواد حسن فواد کو گرفتار کر کے تفتیش کی گئی ہے اوراس حوالے سے حتمی ریفرنس بعد میں دائرکیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جس پرجسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ کیا کیس کے مرکزی ملزم نے ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم احد چیمہ کی درخواست ابھی سپریم کورٹ میں نہیں آئی ہے ۔ بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی۔