گذشتہ ہفتہ کے دوران عام آدمی کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.55 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات پاکستان

جمعہ 7 دسمبر 2018 20:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) گذشتہ ہفتہ کے دوران عام آدمی کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.55 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 6 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.55 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور گذشتہ ہفتہ کے برعکس رواں ہفتہ کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے ایس پی آئی کی شرح 5.80 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

8 ہزار روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.39 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ اعداد و شمار کے مطابق 8 ہزار سے ایک سے لے کر 12 ہزار، 12 ہزار ایک سے لے کر 18 ہزار، 18 ہزار ایک سے لے کر 35 ہزار اور 35 ہزار سے اوپر آمدنی رکھنے والوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.45، 0.50، 0.55 اور 0.61 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

(جاری ہے)

گذشتہ ہفتہ کے دوران 15 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 15 کی قیمتوں اضافہ جبکہ 23 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔ جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ان میں زندہ مرغی، آلو، ٹماٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل، پٹرول، کیلے، مٹی کا تیل، انڈے، پیاز، چاول، لہسن، باسمتی چاول، سرخ مرچ وغیرہ شامل ہیں۔ جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ان میں ایل پی جی سلنڈر، دال مونگ، چائے، دال ماش، کوکنگ آئل، بناسپتی گھی، چینی، کپڑے، پائوڈر ملک، گڑ اور دال مسور شامل ہیں۔