صوبائی وزیر بلدیات کا صفائی پر ٹیکس لگانے کا عندیہ

کوڑا کرکٹ اٹھانے پر اربوں روپے نہیں دے سکتے ،صفائی کیلئے عوام کو پیسے دینے ہوں گے، عبد العلیم خان

ہفتہ 8 دسمبر 2018 16:49

صوبائی وزیر بلدیات کا صفائی پر ٹیکس لگانے کا عندیہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت کوڑا اٹھانے کے لئے اربوں روپے خرچ نہیں کر سکتی لہٰذا صفائی پر ٹیکس لگایا جائے گا اور لاہور کے شہری اب کوڑا اٹھانے پر خود پیسے دیں گے۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ خسارہ بہت زیادہ ہے ، مہنگائی کا جن عوام کو سہنا پڑے گا، خوشخبریاں 2019 میں ملیں گی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ایک روپیہ خرچ کیے بغیر کمپنیوں سے کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے لیئے کنٹریکٹ کرے گی۔ ٹیکس ماڈل اور پسماندہ علاقوں کو مد نظر رکھتے ہوئے لگایا جائے گا۔ 100 روزہ پلان پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی 100 روزہ پلان کی سکیم کو سراہتا ہوں۔ ہر شہری کٹا، مرغی اور انڈوں کاکام شروع کر لے تو حالات بدل جائیں گے۔ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر بات کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن غِیرجانبدار ہے اور جاری رہے گا۔