جموں و کشمیر مسلم لیگ کا نظر بند پارٹی رہنمائو ں کی گرتی صحت پر اظہار تشویش

بھارت کو انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کا کوئی حق نہیں،شفیع لون

اتوار 9 دسمبر 2018 15:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم لیگ نے پارٹی کے غیر قانونی طور پر نظر بند ضلع بانڈی پورہ کے صدر اسداللہ پرے، محمد امین ڈار اور اشتیاق احمد وانی کی گرتی ہوئی صحت پرسخت تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اسداللہ پرے گزشتہ پانچ برسوں سے مختلف جیلوں میں نظر بند ہیں او ر وہ ان دنوں کوٹ بلوال جیل جموں میںہیں جہاں انہیں ایک انتہائی تنگ و تاریک سیل میں رکھا گیا ہے ۔

مسلسل نظر بندی کی وجہ سے اسداللہ پرے کی صحت انتہائی گرچکی ہے اور جیل انتظامیہ ان کی زندگی کے ساتھ جا ن بوجھ کر کھلواڑ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد امین ڈار اور اشتیاق احمد وانی بھی گزشتہ کئی ماہ سے مٹن جیل بارہمولہ میں نظر بند ہیں اور ان دونوںکی صحت بھی کافی گر چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نظر بندوں کو طبی سمیت تما م بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگیوں کی شدید خطرات لاحق ہیں۔

دریں اثنا سجاد ایوبی نے اشتیاق احمد پرے کی گرفتاری اور کپواڑہ جیل میں ان کی منتقلی کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بڈگام اور کولگام کے رہائشیوں عرفان ایوب پڈر، منظور احمد لون، نواز احمد حجام، نواز احمد پڈر ، محمد امین لون اور نواز احمدوانی کو بھارتی پولیس نے رواں برس اپریل میں گرفتار کیا تھا تاہم پانچ روز بعد انہیں رہا کیا گیا تھالیکن اب آٹھ ماہ بعد ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے گئے جو انتہائی غیر انسانی اور بلا جوازعمل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈو ں سے آزادی پسندوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے۔دریں اثنا جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کو حقوق انسانی کا عالمی دن منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ اس نے مقبوضہ کشمیر پر جبری فوجی قبضہ کررکھا ہے اور وہ علاقے میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کو بے دردی سے قتل کررہی ہے اور حریت رہنمائوں ، کارکنوں سمیت عام نوجوانوں حتیٰ کہ معمر کشمیریوں اور خواتین تک کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں اور تفتیشی مراکز میں بند کیا جا تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی، ان کی ساتھی فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین گزشتہ کئی ماہ سے تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔انہوں نے اقوام متحدہ او عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لییکردار ادا کریں۔