ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت ،افواج پاکستان اور عوام ایک پیج پر ہیں، بدقسمتی سے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بین الاقوامی سطح پر ہماری قربانیوں کو سراہا نہیں گیا،حکومت اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات کی خواہاں ہے، حکومت معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے ،گورنر پنجاب کی فارن سروسز اتاشیوں اور ایڈوائزرز کے وفد سے گفتگو

اتوار 9 دسمبر 2018 20:30

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت ،افواج پاکستان اور عوام ایک پیج پر ہیں۔ حکومت اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات کی خواہاں ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نے بولڈ قدم اٹھاتے ہوئے کرتار پور بارڈر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے وسائل دہشت گردی ، بے روزگاری اور جہالت کے خاتمے کے لئے بروئے کار لانا ہوں گے۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں اور بھارتی افواج بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنارہی ہے مگر افسوس کا مقام ہے کہ عالمی طاقتیں آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میںفارن سروسز اتاشیوں اور ایڈوائزرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت بریگیڈیئر حسن رضا سید کررہے تھے۔وفد میں 17مختلف ممالک کے اتاشی اور ایڈوائزر شامل تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اًمن پسند ملک ہے اور وہ ملک کے اندر اور باہر اًمن چاہتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستانی قوم نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس جنگ میں افواج پاکستان کے جوانوں، پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے تقریباً 50ہزار لوگ شہید ہوئے جبکہ ایک سور ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بین الاقوامی سطح پر ہماری اِن قربانیوں کو سراہا نہیں گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ افغانستان میں اًمن سے خطے میں اًمن ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان کے چائینہ ، ایران، بھارت ، افغانستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور وہ کاروبار،سیاست، تعلیم، صحت سمیت مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ پاکستان سے خوشگوار یادیں ساتھ لے کر جائیں گے اور آپ واپس اپنے ملکوں میں جائیں گے تو پاکستان کے سفیر بن کر جائیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے وفد کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ سو دنوں کی کارکردگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں تحریک انصاف کی پہلی حکومت ہے جس نے 100دن گزارنے کے بعد اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات کررہی ہے اور بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے بزنس فرینڈلی پالیسیاں مرتب کی ہیں۔ ایک سوال کا جواب میں اُنہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی خوشحالی کا ضامن ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خاں کی قیادت میں حکومت بے روزگار نوجوانوں کے لئے 10ملین جاب پیدا کرے گی اس کے علاوہ بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ بد قسمتی سے 22ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں جو گھروں اور فیکٹریوں میں کام کررہے ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح اِن بچوں کو سکولوں میں لانا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ہائر ایجوکیشن کی ترقی کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز، ڈینز اور پروفیسرز کی تعیناتیاں صرف اور صرف میرٹ پر ہوں گی۔