پاکستان اور اس کی پارلیمان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے تسلیم ہونے تک اخلاقی ،

سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، بین الاقوامی برادری آگے بڑھے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے قائمقام صدرمملکت محمد صادق سنجرانی کی آزاد جموں و کشمیرکی صدر مسعود خان سے بات چیت

پیر 10 دسمبر 2018 23:30

پاکستان اور اس کی پارلیمان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) قائمقام صدرمملکت محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کی پارلیمان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے تسلیم ہونے تک اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، بین الاقوامی برادری آگے بڑھے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کو روکنے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اور ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔

سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وہ آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے پیر کو یہاں اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان نے قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

قائمقام صدر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سفارتکاری کو موقع دیا جائے اور مسئلہ کشمیر کو صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے ۔قائمقام صدر نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کو روکنے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اور ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ کہ ظلم اور بربریت کے باعث اس سال 400 افراد جام شہادت نوش کر چکے ہیں اور غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پچھلے کئی سالوں میں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نوجوان قوت بینائی سے محروم ہوئے اور ان پر پیلٹ گن کے ذریعے فائرنگ کی گئی ۔انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر ، برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹی پارلیمانی کشمیر گروپ اور او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کا شکریہ ادا کیا ۔

جنہوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، قتل غارت، تشدداور کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر تفصیلی رپورٹس جاری کیں ۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنی خاموشی کو توڑنا ہوگا اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سفارتی اقدامات کی حمایت کیلئے قدم بڑھنا ہوگا۔قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی اور صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعودخان نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کیلئے پر عزم ہیں اور اقوام متحدہ کی سطح پر انسانی حقوق کے اداروں اور دوسرے فورمز پر رابطہ کاری کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔