سابق وزیراعظم نواز شریف کی شہباز شریف سے ملاقات

نواز شریف نے خواجہ برادران کی گرفتاری اور حمزہ شہباز کو آف لوڈ کیے جانے کے معاملے پر رد عمل دینے سے انکار کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 دسمبر 2018 10:56

سابق وزیراعظم نواز شریف کی شہباز شریف سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 دسمبر 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف سے ملاقات کی۔ دونوں بھائیوں نے منسٹر انکلیو سب جیل میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نواز شریف نے شہباز شریف سے ان کی طبیعت سے متعلق دریافت کیا ۔ شہباز شریف نے بھی اپنے بھائی نواز شریف کی خیریت دریافت کی۔

نواز شریف اور شہباز شریف کے مابین پیراگون سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برادران کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ حمزہ شہباز کو غیر ملکی پرواز سے آف لوڈ کیے جانے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ دونوں بھائیوں کی ملاقات میں نیب کی کارروائیوں پر بات کی گئی۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ مسلم لیگ ن کے رہنمائوں اور کارکنان کی بڑی تعداد کو کمرہ عدالت میں دیکھ کر جج نے برہمی کا اظہار کیا جس پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کئی لیگی رہنمائوں کو باہر جانے کی ہدایت کر دی جس پر مشاہد حسین اور آصف کرمانی لیگی رہنمائوں کو لے کر کمرہ عدالت سے باہر چلے گئے۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کے باہر ایک صحافی نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے سوال کیا کہ خواجہ برادران کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ، اب آپ کی کیا حکمت عملی ہو گی جس پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ہی کوئی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا تھا جس کے بعد خواجہ برادران کو بھی پیراگون سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار کر لیا گیا۔ خواجہ برادران کی گرفتاری اور حمزہ شہباز کو آف لوڈ کیے جانے کے معاملے پر ترجمان مسلم لیگ ن نے اپنا لفظی احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔