Live Updates

وزیر اعظم کی اہلیہ بشری بی بی گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بن گئیں

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما حنیف عباسی کو بھی رواں سال گوگل پر سرچ کیا جاتا رہا

بدھ 12 دسمبر 2018 23:00

وزیر اعظم کی اہلیہ بشری بی بی گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) دنیا کی سب سے بڑی اور معتبر سرچ انجن گوگل نے سال 2018 میں پاکستان کے اندر سرچ کی جانے والی 10 بڑی شخصیات کی فہرست جاری کردی ،ْ وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بن گئیں ۔تفصیلات کے مطابق گوگل یہ فہرست ہر سال کے آخری ماہ کے وسط تک جاری کرتا ہے۔

پاکستانی جن غیر ملکی شخصیات کو آن لائن سرچ کرتے رہے، ان میں بالی وڈ اداکارہ سنی لیونی، برطانوی شہزادے ہیری سے رواں برس شادی کرنے والی اداکارہ میگھن مارکل، ہولی وڈ اداکار سیلویسٹر اسٹالون اور بولی وڈ اداکارہ سونالی باندرے شامل ہیں۔بالی وڈ اداکارہ سنی لیونی اگرچہ پاکستان میں گوگل پر سرچ کی جانے والی 10 ویں شخصیت رہیں تاہم وہ بھارت میں رواں برس یاہو پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت رہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی اداکارہ و ماڈل اقرا عزیز اگرچہ رواں برس اپنے ڈراموں اور دیگر شوبز مصروفیات کی وجہ سے خبروں میں نہیں رہیں تاہم پاکستانی لوگ انہیں سرچ کرتے رہے۔حیران کن طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی ان 10 شخصیات میں وہ پہلے سیاسی شخص ہیں، جنہیں رواں سال پاکستان میں گوگل پر سرچ کیا جاتا رہا ۔عاطف میاں بھی گزشتہ دنوں خبروں میں رہے تاہم وہ گوگل پر سرچ کیے جانے کے حوالے سے سنی لیونی اور اقرا عزیز سے بھی آگے رہے۔

بالی وڈ اداکارہ سونالی باندرے یوں تو رواں برس کینسر میں مبتلا ہونے کی وجہ سے خبروں میں بھی رہی تاہم وہ پاکستان میں سرچ کی جانے والی شخصیات میں کئی پاکستانی شخصیات سے بھی آگے رہیں۔ہولی وڈ کی شہرہ آفاق فلم ’ریمبو‘ سے شہرت حاصل کرنے والی سیلویسٹر اسٹالون بھی پاکستان میں زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں رہے۔رواں برس ان پر خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔

وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ، صحافی و اینکر ریحام خان خبروں میں رہی ۔گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع رواں برس علی ظفر کے ساتھ تنازع کی وجہ سے خبروں میں رہیں اور وہ پاکستان میں رواں برس آن لائن سرچ کی جانے والی تیسری بڑی شخصیت بھی رہیں۔ہولی وڈ اداکارہ میگھن مارکل نے رواں برس مئی میں برطانوی شہزادے ہیری سے شادی کی اور وہ اس وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز بھی بنیں۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستانی عوام بھی میگھن مارکل کے بارے میں رواں برس کے آغاز تک خاص معلومات نہیں رکھتا تھا۔وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی رواں برس کے ابتدائی ایام میں عمران خان سے شادی کرنے کے حوالے سے خبروں میں رہیں ،ْ پاکستانی عوام گوگل پر انہیں سب سے زیادہ سرچ کرتے رہے۔بشریٰ بی بی جو میڈیا کے سامنے انتہائی کم آتی ہیں، لوگ ان سے متعلق گوگل کی مدد سے معلومات حاصل کرتے رہے اور انہوں نے گوگل پر سرچ کیے جانے کے حوالے سے اپنے شوہر سمیت سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات