نسٹ میں پہلے چین، پاکستان ٹیکنالوجی ٹرانسفر سنٹر کے قیام کامعاہدہ طے پا گیا، افتتاح جنوری میں ہوگا

مرکز دونوں ممالک کی صنعتوں اور جدید وسائل کے درمیان پل اور گیٹ وے کے طور پر کام کرے گا

جمعرات 13 دسمبر 2018 20:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) پاکستان اور چین کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں پہلے چین۔پاکستان ٹیکنالوجی ٹرانسفر سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائیگا، منصوبے کا افتتاح جنوری 2019 میں ہوگا۔ یہ سینٹر نسٹ کے نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی) میں قائم کیا جائے گا۔

اس حوالے سے گزشتہ روز بیجنگ میںمفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ چینی ٹیکنالوجی ٹرانسفر سینٹر(سی آئی ٹی ٹی سی) کے تعاون سے نسٹ میں چین پاکستان ٹیکنالوجی ٹرانسفر سینٹر(سی پی ٹی ٹی سی) قائم کرنے کی تیاریاں مکمل کر چکا ہے، سی آئی ٹی ٹی سی چینی وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی اور بیجنگ میونسپل سائنس اور ٹیکنالوجی کمیشن کا ایک مشترکہ منصوبہ ہے، جو دنیا بھر میں چین اور دیگر ممالک کے درمیان ایک پیشہ ور بین الاقوامی ٹیکنالوجی ٹرانسفر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

سی پی ٹی ٹی سی چین اور پاکستان کے درمیان ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے سہولت کار کے طور پر کام کرے گی جو دونوں ممالک کی کمپنیوں کو ایک دوسرے کی مارکیٹوں میں کام کرنے میں مدد دے گی۔ یہ مرکز دونوں ممالک کی صنعتوں اور جدید وسائل کے درمیان پل اور گیٹ وے کے طور پر کام کرے گا۔ اس موقع پر ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے کہا کہ کسی بھی پاکستانی یونیورسٹی میں دو دوست ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کی دو طرفہ منتقلی کو فروغ دینے کے لئے قائم ہونے والے پہلے بین الاقوامی مرکز ،سی پی ٹی ٹی سی، کا قیام نسٹ اور سی آئی ٹی ٹی سی کے لئے ایک اہم کامیابی ہے۔

ریکٹر نسٹ نے پاکستانی حکومت کی طرف سائنس، ٹیکنالوجی اور انوویشن ( ایس ٹی ائی ) کو فروغ دینے کے لئے کئے جانے والے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جس میں دوسری چیزوں کے علاوہ، ایس ٹی ائی پالیسی اور حکمت عملی کے مطابق ، علمی معیشت اور نجی شعبے کے ذریعے ترقی کو قومی سطح پر حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ ایم او ائی ٹی اینڈ ٹی کی طرف سے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز کی تشکیل کے ساتھ ساتھ مختلف یونیورسٹیوں میں ایم او پی ڈی اینڈ ار اور ایچ ای سی کی طرف سے نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام اور نسٹ کی ملک میں جدت اور علمی معیشت میں بڑھتی ہوئی شراکت کو بھی اس تقریب میں سراہا گیا۔

سی آئی ٹی ٹی سی کے ڈائریکٹر مسٹر ہوانگ پنگ نے نسٹ ٹیم کا خیرمقدم کیا اور انھوں نے سی پیک کے تحت صنعتوں ، ہائی ٹیک ایس ایم ایز اور سٹارٹ اپز کے لئے ٹیکنالوجی کو منتقل کرنے اور دوسرے ممالک میں دفاتر قائم کرنے کے لئے سی پی ٹی سی ٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے یورپ، امریکا، آسٹریلیا، سنگاپور وغیرہ جیسے ممالک کے ساتھ سی آئی ٹی ٹی سی کے موجودہ بین الاقوامی تعلقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا ،جس کے ٹھوس نتائج سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے سی پی ٹی ٹی سی ایک مضبوط بنیاد بننے گا جس نے نئی حکومت کی طرف سے بڑھتے ہوئی زور کے باعث بہت زیادہ توجہ حاصل کی ہے۔تقریب میں پاکستانی سفارتی خانے میں ایس اینڈ ٹی کونسلر ، ڈاکٹر عطا الرحمان، مسٹر مامنزینگ، ڈائریکٹر چین ۔ جنوبی ٹیکنالوجی ٹرانسفر سینٹراور ڈاکٹر نصر اکرام، پرو ریکٹر ریسرچ اینڈ انوویشن نسٹ کے ساتھ ساتھ چینی وزارت سائنس، سی آئی ٹی ٹی سی، چین اے سی ای اے این انوویشن سینٹر اورانووے انکیوبیٹر بیجنگ کے دیگر حکام موجود تھے۔