سٹیل میلٹنگ انڈسٹری کو بچانے کے لیے اقدامات کئے جائیں، خواجہ شہزاد ناصر

جمعرات دسمبر 22:45

لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) سٹیل میلٹنگ انڈسٹری کو بچانے کے لیے ٹیکسوں اور یوٹیلٹی پرائسز کے درمیان تفریق ختم کی جائے، تمام صوبوں کی صنعتوں کو یکساں مراعات دی جائیں تاکہ یہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرسکیں۔ یہ مطالبہ عزیز الرحمن چن کی سربراہی میں پاکستان سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر سے ملاقات میں پیش کیا۔

سابق صدر سہیل لاشاری، عبدالرحمن چن، میاں عتیق الرحمن، ملک زاہد، ملک عمیر زاہد، شیخ نعمان، سلمان ملک اور مجید لاشاری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ عزیز الرحمن چن نے کہا کہ لاہور میں 100کے لگ بھگ سٹیل میلٹنگ یونٹس قائم ہیں اور تقریباتمام بند ہیںجس کی بنیادی وجہ دیگر ٹیکسوں اور یوٹیلٹی پرائسز میں تفریق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سٹیل میلٹنگ انڈسٹری سے ٹیکسز مختلف مراحل کے لیے امپورٹ کی سطح پر وصول کرلیے جائیںجس سے اس دم توڑی صنعت کو سنبھالا ملے گا اور حکومت کے محاصل بڑھیں گے۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر نے کہا کہ تمام صوبوں کی صنعتوں کے لیے سہولیات، قواعد و ضوابط اور قوانین یکساں ہونے چاہئیں تاکہ انہیں کاروبار کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور دیگر صوبوں کی صنعتوں کے درمیان ٹیکسوں اور یوٹیلٹی پرائسز کی تفریق ایک بڑا مسئلہ ہے جو فوری حل ہونا چاہیے۔