Live Updates

مشیر تعلیم خیبر پختونخوا کاسرکاری سکولوں میں سیکنڈ شفٹ کے لئے 65ہزار اساتذہ کی بھرتی کا اعلان

اب تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی تربیت بھی کریں گے اور انہیں آداب زندگی سے روشناس کرایا جائے گا،، مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:51

مشیر تعلیم خیبر پختونخوا کاسرکاری سکولوں میں سیکنڈ شفٹ کے لئے 65ہزار ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے نئی نسل کو مستقبل کی ذمہ داریوں کے لئے بہتر طور پر تیار کرنے اور ان میں نظم و ضبط پیداکرنے کے لئے محکمہ تعلیم کا نام محکمہ تعلیم و تربیت رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اب تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی تربیت بھی کریں گے اور انہیں آداب زندگی سے روشناس کرایا جائے گا۔

انہوں نے سیکنڈشفٹ میںہر پرائمر ی سکول میں مڈل،مڈل میں ہائی اور ہائی میں ہائیر سیکنڈری کلاسزکے اجراء کابھی اعلان کیا اور کہاکہ اس کے لئے مزید 65ہزار اساتذہ بھرتی کئے جائیںگے۔یہ اعلانات انہوں نے ہفتہ کے روز گورنمنٹ کمپری ہنسیو ہائی سکول کوہاٹ میں انٹر ہائی وہائیر سیکنڈری سکولز سپورٹس ٹورنامنٹ 2018ء کے تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے ضلع ناظم کوہاٹ محمد نسیم آفریدی اور ٹورنامنٹ کے سیکرٹری جنرل زاہد رشید نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی صدر آفتاب عالم، پی ٹی آئی کے جنوبی اضلاع کے سیکرٹری جنرل ملک عاطف خان،سیکرٹری بورڈ الیا س آفریدی،ڈی ای اوکوہاٹ ،منتخب نمائندوں،پرنسپلز، ہیڈماسٹرز ،اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ضلع ناظم نے اس موقع پر 20ہزار روپے کا بھی اعلان کیا۔

ہائی سکول استرزئی کے طلباء نے مارچ پاسٹ جبکہ ہائی سکول نمبر2کے طلباء نے جمناسٹک کا مظاہرہ کیا۔مشیر تعلیم نے کہا کہ صوبے میں نئے سکول تعمیر کرنے کی بجائے موجودہ تعلیمی اداروں کو مضبوط و مستحکم کیا جائے گا اور موجودہ سیکنڈری سکولوں میں 5لاکھ بچوں کے لئے گنجائش پیداکی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کوتعلیمی معیار کے حوالے سے پورے ملک کیلئے رول ماڈل بنایا جائے گا۔

ضیاء بنگش نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر سپورٹس کے زیادہ سے زیادہ ایونٹس منعقد کرنے کیلئے محکمہ سپورٹس کے ساتھ ایم او یو سائن کیاجائے گا جبکہ 5ہزار سکولوں میں کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کی جائے گی اور سکولوں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی تقویت دی جائے گی۔مشیر تعلیم نے کمپری ہنسیو سکول سمیت کوہاٹ کی4سکولوں کے گراؤنڈز کو گراسی کرنے کا بھی اعلان کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ کے مختلف گیمز کے کامیاب ٹیموں کو ونر اور رنراپ ٹرافیاں دینے کے علاوہ سکول سربراہان اورکھلاڑیوںکوانفرادی انعامات بھی دئیے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات