Live Updates

سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے چار سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام ، مرکزی تقریب اے پی ایس پشاور میں منعقد

اتوار 16 دسمبر 2018 19:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے چار سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب اے پی ایس پشاور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز شہداء کے لئے خصوصی دعائوں سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے اس موقع پر سلامی بھی دی۔

خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں وہ شہداء کے اہل خانہ، تقریب میں مقامی افراد، سکول کے طلباء اور قرآن خوانی کرنے والے افراد میں شامل ہو گئے۔ اس دن کی مناسبت سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ سمیت اہم شخصیات کے پیغامات شائع اور نشر کئے گئے۔

(جاری ہے)

16 دسمبر 2014ء کو 6 دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور پر حملہ کر کے سکول کے 132 بچوں سمیت 149 افراد کو شہید کر دیا تھا۔ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے چار سال مکمل ہونے پر شہداء کی یاد میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ شہدائے آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کراچی کے شہریوں نے دستخطی مہم کا بھی آغاز کیا ہے جس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سمیت اہم شخصیات کے دستخط اور تاثرات لیے گئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات