ن لیگ کا30دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان

نوازشریف کی مڈٹرم انتخابات یا ہنگامی صورتحال کیلئے بھرپورتیاری کی ہدایت، حکومت نے معیشت کا برا حال کردیا،اب عوام کی آواز بننا ہوگا، نیب کا پردہ عوام کے سامنے چاک ہو گیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف کا اجلاس سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 دسمبر 2018 17:08

ن لیگ کا30دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ نے 30دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اب عوام کی آواز کو سننا ہوگا،حکومت نے معیشت کا برا حال کردیا، نیب کا پردہ عوام کے سامنے چاک ہو گیا، نوازشریف نے مڈٹرم انتخابات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے پارٹی کو بھرپورتیاری کی ہدایت بھی کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف اورپارٹی صدر شہبازشریف کی زیرصدارت پارلیمنٹ میں ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ جس میں پارٹی کی تنظیم سازی، سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق مشاورت کی گئی۔اجلاس میں نیب کی انتقامی کاروائیوں سے متعلق بھی معاملات زیربحث آئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مسلم لیگ نواز کی ملک بھر میں از سر نو تنظیم سازی کرنے کے معاملات بھی زیرغور آئے۔

اسی طرح اجلاس میں پارلیمنٹ میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور اپوزیشن کو ملنے والے حصے سمیت خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے معاملے پر بھی حکمت عملی زیرغور آئی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اب عوام کی آواز پر کان دھرنا ہوگا۔ موجودہ حکومت نے 100 روز میں ہی معیشت کا برا حال کردیا ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ نیب کا پردہ عوام کے سامنے چاک ہوچکا۔

اس موقع پر اجلاس میں مسلم لیگ ن نے 30 دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ابتدائی طور پر ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں جلسے کیے جائیں گے۔ ن لیگ کے مرکزی رہنماء احسن اقبال، خواجہ آصف، مشاہد اللہ خان، شاہد خاقان عباسی اور دیگر سینئر رہنماء جلسوں سے خطاب کریں گے۔ قائد ن لیگ نوازشریف نے چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز میں پارٹی دفاتر قائم کرنے، کارکنوں سے روابط بڑھانے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ نوازشریف نے مڈٹرم انتخابات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے پارٹی کو بھرپورتیاری کی ہدایت کی ہے۔