Live Updates

پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی ہنگامی دورے پر پاکستان پہنچ رہی ہیں

ملیحہ لودھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 18 دسمبر 2018 20:37

پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی ہنگامی دورے پر پاکستان پہنچ رہی ہیں
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 دسمبر 2018ء) :پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جارحانہ انداز اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔حکومت نے پاکستان نے ہنگامی طور پر ملیحہ لودھی کو طلب کرلیا جس کے بعد اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی ہنگامی طور پر پاکستان پہنچ رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کشمیر میں بھارتی فوج کی ظلم و ستم کی داستانیں 7دہائیوں پر محیط ہیں ۔

ان 70 سالوں میں بھارتی فوج نے بربریت کی وہ وہ داستانیں رقم کیں جن کو سن کر انسانیت کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ان 70سالوں میں وادی کشمیر کی آزادی کی تحریک بہت سے نشیب و فراز سے گزری تاہم کوئی بھی ظلم اور دباو کشمیری عوام کی اس جدوجہد کو دبا نہ سکا۔بھارت فوج نے ہر حربہ اپنا کر دیکھ لیا تا ہم اس حوالے سے انہیں ہر محاذ پر منہ کی کھانی پڑی۔

(جاری ہے)

گزشتہ دو دہائیوں میں جتنا عروج تحریک آزادی کشمیر کو برہان وانی کی شہادت کے بعد ملا اسکی مثال نہیں ملتی۔یہ تحریک اب ایک ایسا طوفان بن چکا ہے جس کو روکنا بھارتی فوج کے بس کا کھیل نہیں ہے۔اس حوالے سے بھارت فوج کے اکثر افسران بھی حقیقت کا اعتراف کرتے نظر آتے ہیں تاہم بھارت اپنی ڈھٹائی اور اٹوٹ انگ کے راگ الاپنے سے باز نہیں آتا۔یہاں تک کہ بھارت کی یہ غیر انسانی ضد اب تک سینکڑوں کشمیریوں کی جان لے چکی ہے۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ نے بھی کشمیریوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم سے پردہ اٹھاتے ہوئے ،رپورٹ جاری کردی ہے۔بھارت نے اس رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد اپنی غلطی سدھارنے کی بجائے اقوام متحدہ کی رپورٹ ہی مسترد کر چکا ہے۔تاہم اس حوالے سے پاکستان نے ٹھوس قدم اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ گزشتہ اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہفتے کو 14 کشمیری بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔

کل300 سے زائد کشمیریوں کو بھارتی فورسز نے زخمی کیا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے۔دنیا کی ترجیحات میں کشمیر نہیں ہے لیکن دنیا اتنی بے حس اور لاتعلق نہیں ہو سکتی۔مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کیخلاف آواز اٹھے گی۔انکا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر پر خط لکھا ہے۔سیکریٹری جنرل او آئی سی کو بھی خط لکھا ہے۔

سیکریٹری جنرل او آئی سی کو کشمیر کی حالیہ صورتحال پر توجہ مبذول کرائی۔او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفون پر بات کی۔انہوں نے اپیل کی کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوزمظالم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ پاکستان کی حکومت نے مسئلہ کشمیر پر جارحانہ انداز اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان مندوب کو پاکستان بلا لیا گیا ہے جس کے بعد ملیحہ لودھی ہنگامی طور پر لاہور پہنچ رہی ہیں۔ملیحہ لودھی پاکستان پہنچنے کے بعد وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔وزیر اعظم عمران خان ملیحہ لودھی کو کشمیر پالیسی پر گائیڈ لائنز دیں گے۔وہ وزارت خارجہ کے دفتر میں پالیسی ساز اجلاس میں شرکت بھی کریں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات