رواں سال انتخابی اصلاحات پر انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، کنور محمد دلشاد

انتخابی تاریخ کی درستگی کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کر دیا گیا ، نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن

جمعرات 10 جنوری 2019 15:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2019ء) نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن کا اہم اجلاس سابق وفاقی سیکر ٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان و چیئرمین نیشنل ڈیمو کرٹک فائونڈیشن کنور محمدد لشاد کی صدارت میں مرکزی سیکر ٹریٹ نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صدر سدرن شیخ راشد عالم ، ٹیکنیکل ایڈوائزر نیاز احمد کاٹھیا ،لیگل ایڈوائزر سید سفیر حسین شاہ ، میاں زبیر احمد، میڈیا کو آرڈینیٹر سید وقار علی کے علاوہ لاہور، کراچی ، پشاور، کشمیر و گلگت بلتستان کے نمائندگان نے شرکت کی شرکت کی ۔

اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال اور انتخابی اصلاحات کے موضوعات زیر بحث لائے گئے ۔اجلاس میں متفقہ طور فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال انتخابی اصلاحات کے حوالے سے انٹر نیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں دنیا بھر سے انتخابی ماہرین کو مدعو کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیشنل ڈیمو کریٹک فائو نڈیشن کی ریسرچ ٹیم کی جانب سے پارلیمانی انتخابات پر کی جانے والی ریسرچ بھی پیش کی گئی اورانتخابی تاریخ کی درستگی کے لئے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا کو خط بھی ارسال کیا گیا جس میں استدعا کی گئی کہ پارلیمانی الیکشن کے بارے میں ابہام پایا جاتا ہے اور اس کی ابتداء ریکارڈ میں7دسمبر1970ہے جبکہ الیکشن کا اجرا ء 1951سے ہو ا تھا۔

ریسرچ ٹیم کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق پہلا انتخاب 1951,دوسرا انتخاب جولائی1955، تیسرا انتخاب1962، چوتھا انتخاب1965، پانچواں انتخاب 1970، چھٹا انتخاب1977، ساتواں انتخاب 1985،آٹھواں 1988، نواں 1990، دسواں انتخاب 1993، گیارہواں انتخاب 1997، بارہواں2002،تیرھواں 2008، چودھواں2013،اور پندرہواں انتخاب 2018میں ہوا ہے ۔اس حوالے سے کنور محمد دلشاد کا کہنا تھا کہ ہمارے پارلیمانی انتخاب کی ایک مسلسل تاریخ موجود ہے مگر افسوس کہ ہمارے سیا ستدانوں کو بھی ادراک نہیں ہے ۔